عمرکوٹ: ایم ڈی ایف کی جانب سے دیہاتیوں کے لیے ڈیجیٹل تعلیم اور سوشل میڈیا مارکیٹنگ کی تربیت
عمرکوٹ: ایم ڈی ایف کی جانب سے دیہاتیوں کے لیے ڈیجیٹل تعلیم اور سوشل میڈیا مارکیٹنگ کی تربیت
عمرکوٹ (رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف) خوراک اور زراعت کے عالمی ادارے (FAO) کے تعاون سے ایم ڈی ایف کی جانب سے دیہاتیوں کے لیے ڈیجیٹل تعلیم اور سوشل میڈیا مارکیٹنگ پر ایک روزہ تربیت فراہم کی گئی۔ اس تربیت میں پروڈیوسر مارکیٹنگ گروپ کے 30 ممبران کو جدید کاروباری طریقوں سے آگاہ کیا گیا، جن میں یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے کاروبار کو فروغ دینے اور مصنوعات کی مناسب پیکنگ کے بارے میں سکھایا گیا، تاکہ مارکیٹ میں ان اشیاء کی قدر میں اضافہ ہو اور دیہاتی زیادہ منافع حاصل کر سکیں۔
اس تربیت کے سلسلے میں یونین کونسل سطح پر ایک ورکشاپ بھی منعقد کیا گیا، جس کا مقصد مارکیٹ کے تاجروں اور دیہاتیوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا تھا۔ ورکشاپ کے دوران عمرکوٹ میں مویشی کے بیوپاری حضرات اور زراعت سے وابستہ تاجروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی بحث کی گئی۔ تاجروں نے دیہاتیوں کو مشورہ دیا کہ اپنی مصنوعات کو صاف ستھرا رکھنا، مناسب طریقے سے پیک کرنا اور جانوروں کی خوراک پر خاص توجہ دینا ان کے کاروبار میں نمایاں بہتری لا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق، اس جدید تربیت سے دیہاتی اپنی مصنوعات براہِ راست مارکیٹ تک پہنچا سکیں گے، آن لائن کاروبار کو فروغ دے سکیں گے اور زیادہ آمدنی حاصل کر سکیں گے۔