لاہور (راجہ نورالہی عاطف سے) تاجپورہ لیڈیز یوگا کلب کی 14 سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جشن صحت کے نام سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
لاہور (راجہ نورالہی عاطف سے) تاجپورہ لیڈیز یوگا کلب کی 14 سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جشن صحت کے نام سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں کلب کی ممبران کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر یوگی سائرہ سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا عزم صحت مند پاکستان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک صحت مند ماں ہی صحت مند خاندان اور صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے۔ ہمارا مقصد تاجپورہ کی لیڈیز کو گھروں سے نکال کر یوگا کے ذریعے جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط بنانا ہے۔
تقریب میں کنٹرول ڈائیٹ، ویٹ کنٹرول اور یوگا کی مختلف مشقوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، جسے شرکاء نے بہت سراہا۔
تقریب میں یوگا کے ماہرین نے مختلف فیلڈز سے تشریف لاکر یوگا کی افادیت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں یوگا جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے۔
اس موقع پر میل اور فیمیل ٹیچرز میں سائرہ سعید کی جانب سے سکوٹیز، ایوارڈز اور اعزازی اسناد تقسیم کی گئیں۔ آنے والے مہمانوں اور یوگا ایکسپرٹس کا کہنا تھا کہ یہ شاندار تقریب معاشرے کی ایک نہایت مثبت سرگرمی ہے۔
مہمانان خصوصی نے کلب ممبران کی کاوش اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کلب اور یہ تقریب سائرہ سعید کی ان تھک محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
آخر میں سائرہ سعید نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تقریب کو چار چاند لگائے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہمارا عزم صحت مند پاکستان کی تشکیل ہے۔