بہاول نگر،( )ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم) نور الامین مینگل، ڈائریکٹر سول ڈیفنس ضمیر حسین کی خصوصی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر/کنٹرولر
بہاول نگر،( )ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم) نور الامین مینگل، ڈائریکٹر سول ڈیفنس ضمیر حسین کی خصوصی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر/کنٹرولر سول ڈیفنس ذوالفقار احمد بھون کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے، محکمہ سول ڈیفنس نے یکم فروری سے اب تک ضلع بھر میں غیر قانونی گیس ریفیلنگ کے خلاف کارروائیاں کیں۔ اس دوران مختلف پولیس اسٹیشنز میں 10 مقدمات درج کیے گئے۔
مزید برآں، 250 کمرشل اور انڈسٹریل اداروں کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 11 اداروں کے خلاف فائر سیفٹی کے نامکمل انتظامات کی وجہ سے چالان کیے گئے اور جرمانے کی مد میں 11,10,001 روپے قومی خزانے میں جمع کروائے گئے۔ اس کے علاوہ، 245 غیر قانونی کاروباری یونٹس کو سیل کر دیا گیا۔
سول ڈیفنس آفیسر ارشد حمید سندھو نے واضح کیا کہ غیر قانونی کاروبار کرنے اور فائر سیفٹی کے نامکمل انتظامات رکھنے والے مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اگر وہ جلد از جلد حفاظتی اقدامات مکمل نہ کریں۔
علاوہ ازیں، تعلیمی اداروں، کمرشل و انڈسٹریل یونٹس میں حادثات سے بچاؤ کی تربیت دی گئی، جس میں طلبہ، انڈسٹری ورکرز اور سرکاری عملے کو حفاظتی تدابیر سکھائی گئیں۔ فائر سیفٹی آگاہی مہم کے تحت سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا، جبکہ عوام میں آگ سے بچاؤ کے حوالے سے پمفلٹس اور لٹریچر بھی تقسیم کیے گئے۔
یہ اقدامات عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور حادثات کی روک تھام کے لیے کیے جا رہے ہیں، تاکہ بہاول نگر کو ایک محفوظ ضلع بنایا جا سکے۔