October 5, 2026

نصف صدی کا فخر اور پرنسپل احسن سلیم کا وژن تحریر:سلمان احمد قریشی

20250223_144017

نصف صدی کا فخر اور پرنسپل احسن سلیم کا وژن

تحریر:سلمان احمد قریشی

تعلیمی ادارے کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں اور جب کوئی ادارہ نصف صدی مکمل کرلے تو یہ نہ صرف ایک تاریخی لمحہ ہوتا ہے بلکہ اس کے تعلیمی، سماجی اور ثقافتی اثرات کو سراہنے کا بھی موقع ہوتا ہے۔ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس، اوکاڑہ نے اپنے 50 سال مکمل کرلیے، اور اس خوشی میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ، طلبہ، سابقہ فارغ التحصیل طلبہ اور دیگر معززین نے بھرپور شرکت کی۔
راقم الحروف کو بھی پرنسپل جناب رانا احسن سلیم کی جانب سے تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا۔ یہ دعوت ہمارے لیے محض ایک رسمی کارڈ نہ تھا، بلکہ ایک استادِ مکرم کی جانب سے حکم کا درجہ رکھتا تھا۔ اسی جذبے کے تحت حاضری کو لازم جانا۔ اگرچہ ہم مختصر وقت کے لیے شریک ہو سکے، مگر تقریب کے رنگ، خوشبو اور یادوں کی گونج نے ہمیں اپنی گرفت میں لے لیا۔
تقریب کی سب سے خاص بات الومنائی کا اجتماع تھا، جہاں ماضی کے طالبعلموں نے اپنے تعلیمی سفر کو یاد کیا اور اپنے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کامیاب شخصیات نے کالج کے تربیتی ماحول اور یہاں کے اساتذہ کی محنت کو اپنی کامیابی کا راز قرار دیا۔ اس موقع پر سالانہ سپورٹس گالا اور تقسیم انعامات کی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا، تاکہ وہ مزید محنت و لگن سے آگے بڑھیں۔
کالج کے موجودہ پرنسپل، جناب رانا احسن سلیم نے اپنے خطاب میں کالج کی 50 سالہ تاریخ کا جامع جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے نہ صرف کالج کی تعلیمی ترقی پر روشنی ڈالی بلکہ مستقبل کے لیے بھی ایک واضح وژن پیش کیا۔ ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور تعلیمی خدمات کو شرکاء نے بے حد سراہا۔ سابق پرنسپلز، میاں محمد اسلم، طالب حسین طالب، اور احسان الحق نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کالج کی علمی خدمات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔
پرنسپل رانا احسن سلیم کی شخصیت، کردار اور انتظامی صلاحیتوں پر بات کی جائے تو یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ وہ ایک مثالی رہنما ہیں۔ ان کی قیادت میں کالج نے بے پناہ ترقی کی ہے، جہاں تعلیمی معیار میں بہتری کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملا ہے۔ وہ ایک تجربہ کار اور مدبر تعلیمی منتظم کے طور پر جانے جاتے ہیں، جن کی رہنمائی میں طلبہ کو نہ صرف تعلیمی بلکہ اخلاقی و سماجی ترقی کے مواقع بھی میسر آئے ہیں۔ ان کی بصیرت افروز قیادت نے کالج کے تعلیمی ماحول کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا، جس کا فائدہ آج کے طلبہ کو براہ راست ہو رہا ہے۔
ان کی انتظامی صلاحیتوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے دور میں کالج کی تعمیر و ترقی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وہ ہمیشہ طلبہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہیں اور تعلیمی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام کرتے ہیں۔ ان کی شخصیت میں موجود خوداعتمادی، محنت اور دیانتداری نے انہیں ایک ممتاز تعلیمی رہنما کے طور پر ابھارا ہے۔
طلبہ کی جانب سے بھی پرنسپل رانا احسن سلیم کے بارے میں نہایت مثبت رائے کا اظہار کیا گیا۔ ان کے مطابق کالج کا ماحول ہمیشہ تعلیمی سرگرمیوں کے لیے سازگار رہا ہے، اور اس کا سہرا پرنسپل صاحب کی دور اندیشی اور انتھک محنت کو جاتا ہے۔ موجودہ اور سابق طلبہ کا کہنا تھا کہ ان کی رہنمائی میں کالج نے ہر میدان میں ترقی کی ہے۔
نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے دیکھا جائے تو کالج ہمیشہ سے ان سرگرمیوں کو فروغ دینے میں پیش پیش رہا ہے۔ یہاں نہ صرف معیاری تدریسی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں بلکہ طلبہ کی شخصیت سازی اور قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سیمینارز، ورکشاپس اور مباحثے بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔ سپورٹس کے شعبے میں بھی کالج کے طلبہ نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن میں
بین الکلیاتی مقابلوں میں پوزیشنز اور دیگر نمایاں اعزازات شامل ہیں۔ہم نصابی سرگرمیوں میں تقریری مقابلے، بیت بازی اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے، تاکہ طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید جلا بخشی جا سکے۔ ان سرگرمیوں کی بدولت طلبہ کو اعتماد حاصل ہوتا ہے اور وہ مستقبل میں کامیابی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔
اس تقریب کا سب سے خوبصورت پہلو یہ تھا کہ اس نے ماضی اور حال کے درمیان ایک مضبوط تعلیمی رشتہ قائم کیا۔ فارغ التحصیل طلبہ نے اپنی یادیں تازہ کیں، اور موجودہ طلبہ کو ترغیب ملی کہ وہ بھی اسی طرح کامیابی کی منازل طے کریں۔
تقریب کے اختتام پر پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا، جہاں اساتذہ، طلبہ اور الومنائی نے خوشگوار ماحول میں وقت گزارا۔ یہ تقریب نہ صرف ایک شاندار اور یادگار ایونٹ ثابت ہوئی بلکہ اس نے کالج کے تعلیمی وقار اور اس کی روایات کو مزید مستحکم کیا۔
محنت، لگن اور روشن مستقبل کا عہد
گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس نصف صدی کا فخر اور پرنسپل احسن سلیم کا وژن ہے۔امید ہے کہ یہ ادارہ آئندہ بھی اسی طرح علم و ہنر کی شمع روشن کرتا رہے گا اور کامیابی کی نئی داستانیں رقم کرے گا۔