بہاولنگر میں “ستھرا پنجاب” مہم کا آغاز، ڈپٹی کمشنر اور ممبر قومی اسمبلی نے افتتاح کیا
بہاولنگر میں “ستھرا پنجاب” مہم کا آغاز، ڈپٹی کمشنر اور ممبر قومی اسمبلی نے افتتاح کیا
بہاولنگر ( ) 17 فروری 2025 –
ستھرا پنجاب مہم کے تحت ضلع بہاولنگر کی تحصیل چشتیاں میں صفائی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں تحصیل چشتیاں میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون اور ممبر قومی اسمبلی احسان الحق باجوا نے شرکت کی اور مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔
تقریب میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندے اور شہری بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “ستھرا پنجاب” پروگرام کا مقصد شہروں اور دیہات میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا، کچرے کے مؤثر انتظام کو فروغ دینا اور عوام کو صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران شہر بھر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا، مین ہولز کو ڈھکن لگائے جائیں گے، وال چاکنگ کا خاتمہ کیا جائے گا اور پلاسٹک بیگز پر پابندی کے حوالے سے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
ممبر قومی اسمبلی احسان الحق باجوا نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق “ستھرا پنجاب” مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔ عوامی آگاہی کے بغیر کوئی بھی مہم کامیاب نہیں ہو سکتی، اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کچرا مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر اور ممبر قومی اسمبلی احسان الحق باجوا نے صفائی عملے میں خصوصی کٹس تقسیم کیں اور مختلف مقامات پر صفائی کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر شہریوں نے ستھرا پنجاب مہم کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔