*نماز کے بعد اذکار مسنونہ* اتوار 16 فروری 2025 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
*نماز کے بعد اذکار مسنونہ*
اتوار 16 فروری 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
مسئلہ نمبر 516
*فرض نماز سے سلام پھیرنے کے بعد اونچی آواز میں ایک مرتبہ اللہ أكبر اور آہستہ آواز میں تین بار أَسْتَغْفِرُ اللہ کہنا اس کے بعد اللهم أَنتَ السَّلام پڑھنا مسنون ہے۔*
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نبی اکرم ﷺ کی (فرض) نماز کے اختتام کا اندازہ آپ ﷺ کے اللہ اکبر کہنے کی آواز سے لگایا کرتا تھا۔ اسے بخاری اور مسلم نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ نمبر 517
*حضرت ثوبان رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جب اپنی نماز سے فارغ ہوتے تو تین بار اسْتَغْفِر اللہ کہتے اور پھر فرماتے*
*أَللَّهُمَّ أَنْتَ السَّلَامُ وَ مِنْكَ السَّلَامُ تَبَارَكْتَ يَا ذَالْجَلَالِ وَالْإِكْرَامِ*
یا الله تو سلامتی ہے ، سلامتی تجھی سے حاصل ہو سکتی ہے، اے بزرگی اور بخشش کے مالک تیری ذات بڑی بابرکت ہے۔ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ 518
چند دوسری مسنون دعائیں یہ ہیں۔
حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے میرا ہاتھ پکڑ کر فرمایا ” اے معاذ! مجھے تجھ سے محبت ہے۔ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ میں بھی آپ ﷺ سے محبت کرتا ہوں ۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا اچھا تو پھر ہر (فرض ) نماز کے بعد یہ کلمات کہنا نہ بھولنا۔
*رَبِّ أَعِنِى عَلَى ذِكْرِكَ وَ شُكْرِكَ وَ حُسْنِ عِبَادَتِكَ*
اے میرے رب ! مجھے اپنا ذکر ، شکر اور اپنی بہترین عبادت کرنے کی توفیق عطا فرما۔ اسے احمد ، ابوداؤد اور نسائی نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ نمبر 519
حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہر فرض نماز کے بعد یہ دعاء پڑھتے تھے
*لا إلهَ إِلَّا اللهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ اللَّهُمَّ لَا مَانِعَ لِمَا أَعْطَيْتَ وَ لَا مُعْطِيَ لِمَا مَنَعْتَ وَ لَا يَنْفَعُ ذَا الْجَدِ مِنْكَ الْجَدُّ*
اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں ۔ بادشاہی اسی کی ہے۔ حمد اس کے لئے سزاوار ہے وہ ہر چیز پر قادر ہے۔ یا اللہ! اگر تو کسی کو اپنے فضل سے نوازنا چاہے تو کوئی تجھے روک نہیں سکتا اور اگر کسی کو اپنی رحمت سے محروم کر دے تو کوئی اسے نواز نہیں سکتا۔ کسی دولت مند کی دولت اسے تیرے عذاب سے نہیں بچا سکتی ۔ اسے بخاری اور مسلم نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ نمبر 520
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس نے نماز کے *بعد 33 مرتبہ سبحان الله*
*33 مر تبہ الحَمْدُ لله* اور
*33 مرتبہ اللہ اکبر* کہا
اس نے ننانوے کی تعداد پوری کی پھر سویں مرتبہ *لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَحْدَهُ لا شَرِيكَ لَهُ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلَى كل شيئ قدیر* کہا تو اس کے سارے گناہ (خواہ سمندر کی جھاگ کے برابر ہی کیوں نہ ہوں) *معاف کر دیئے جائیں گے۔* اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ نمبر 521
حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں مجھے رسول اللہ ﷺ نے ہر نماز کے بعد معوذات پڑھنے کا حکم دیا۔ اسے احمد ، ابوداؤد، نسائی اور بیہقی نے روایت کیا ہے۔
وضاحت : معوذات سے مراد قرآن پاک کی آخری دو سورت میں قُل أعوذ برب الفلق اور قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ ہیں۔
مسئلہ نمبر 522
حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ” نماز کے بعد پڑھی جانے والی کچھ ایسی دعائیں ہیں جنہیں پڑھنے والا یا ان کا ذکر کرنے والا کبھی بھی ثواب سے محروم نہیں رہتا ، ان میں سے ایک یہ ہے 33 مرتبہ سُبْحَانَ الله 33 مرتبہ اَلْحَمْدُ لِلهِ اور 33 مرتبہ الله اكبر کہنا ۔ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ نمبر 523
حضرت عبد اللہ بن زبیر رضی اللہ تعالٰی عنہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ جب فرض نماز سے فارغ ہوتے ، تو بلند آواز سے یہ کلمات ادا فرماتے۔
*لا إله إلا اللهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَلَا نَعْبُدُ إِلَّا إِيَّاهُ لَهُ النِعْمَةُ وَلَهُ الْفَضْلُ وَ لَهُ الثَّنَاءُ الْحَسَنُ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ، مُخْلِصِينَ لَهُ الدِّينُ وَلَوْ كَرِهَ الْكَافِرُونَ*
” اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی الہ نہیں وہ وحدہ لاشریک ہے بادشاہی اسی کی ہے حمد اسی کو سزاوار ہے ۔ وہ ہر چیز پر قادر ہے اللہ کی توفیق کے بغیر نہ گناہ سے بچنے کی توفیق ہے نہ نیکی کی قوت ۔ اللہ تعالی کے سوا کوئی الہ نہیں ۔ اس کے سوا ہم کسی کی بندگی نہیں کرتے ۔ سب نعمتیں اس کی طرف سے ہیں ۔ بزرگی اس کے لئے ہے۔ بہترین تعریف کا مالک وہی ہے اس کے سوا کوئی الہ نہیں ہم اپنا دین اس کے لئے خالص کرتے ہیں۔ کافروں کو خواہ کتنا ہی ناگوار کیوں نہ ہو ۔ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ نمبر 524
حضرت ابو امامہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کہتے ہیں رسول الله ﷺ نے فرمایا ” جس نے ہر نماز کے بعد آیت الکرسی پڑھی اسے موت کے سوا کوئی چیز جنت میں جانے سے نہیں روک سکتی۔ (اسے نسائی ، ابن حبان اور طبرانی نے روایت کیا ہے۔)
آیت الکرسی کے الفاظ مندرجہ ذیل ہیں
اللَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الْحَيُّ الْقَيُّومُ لَا
تَأْخُذُهُ سِنَةٌ وَلَا نَوْمٌ لَهُ مَا فِي السَّمَوتِ وَ مَا فِي الْأَرْضِ مَنْ ذَالَّذِي يَشْفَعُ عِنْدَهُ إِلَّا بِإِذْنِهِ يَعْلَمُ مَا بَيْنَ أَيْدِيهِمْ وَمَا خَلْفَهُمْ وَلَا يُحِيطُونَ بِشَيْءٍ مِنْ عِلْمِهِ إِلَّا بِمَا شَاءَ وَسِعَ كُرْسِيُّهُ السَّمَوتِ وَالْأَرْضَ وَلَا يَئُودُهُ حِفْظُهُمَا ۚ وَهُوَ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ
ترجمہ:
اللہ ہی معبود برحق ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں جو زندہ اور سب کا تھا منے والا ہے جسے نہ اونگھ آتی ہے نہ نیند ۔ اس کی ملکیت میں
زمین و آسمان کی چیز یں ہیں ، کون ہے جو اس کی اجازت کے بغیر اس کے سامنے شفاعت کر سکے وہ جانتا ہے جو ان کے آگے ہے اور جوان
کے پیچھے ہے وہ اس کی مرضی کے بغیر کسی چیز کے علم کا احاطہ نہیں کر سکتے اس کی کرسی کی وسعت نے زمین و آسمان کو گھیر رکھا ہے اللہ ان کی حفاظت سے نہ جھکتا ہے اور نہ اکتاتا ہے وہ بہت بلند اور بہت بڑا ہے ۔ (سورہ بقرہ، آیت نمبر 255)
مسئلہ نمبر 525
حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ تعالٰی عنہ کہتے ہیں نبی اکرم ﷺ جب( نماز سے) سلام پھیرتے تو تین مرتبہ یہ کلمات ارشاد فرماتے
*سُبْحَانَ رَبِّكَ رَبِّ الْعِزَّةِ عَمَّا يَصِفُونَ وَسَلَامُ عَلَى الْمُرْسَلِينَ وَالْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَلَمِينَ*
” تیرا عزت والا رب ان تمام عیوب سے پاک ہے جو
کافر بیان کرتے ہیں سلامتی ہو رسولوں پر اور حمد کے لائق صرف اللہ رب العالمین کی ذات ہے۔ (رواہ ابو یعلی)
الدعاء
یا اللہ تعالی تیرا شکر ہے کہ تو نے اتنی ہمت عطا فرمائی کہ کتاب الصلاة مکمل ہوئی۔
یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے قال اللہ اور قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے علم کا ادراک بخشا۔
*سُبْحَانَ رَبِّكَ رَبِّ الْعِزَّةِ عَمَّا يَصِفُونَ وَسَلَامُ عَلَى الْمُرْسَلِينَ وَالْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَلَمِينَ*
آمین یا رب العالمین
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333