November 16, 2026

*15 فروری 1869ء یومِ وفات مرزا اسد اللہ خاں غالب*

20250215_170718

*15 فروری 1869ء یومِ وفات مرزا اسد اللہ خاں غالب*

*مرزا غالب (1797ء – 1869ء) اُردُو زُبان کے سب سے بڑے شاعر سمجھے جاتے ہیں۔ اُن کی عظمت کا راز صرف اُن کی شاعری کے حُسن اور بیان کی خُوبی ہی میں نہیں ہے۔ اُن کاا صل کمال یہ ہے کہ وہ ز ندگی کے حقائق اور انسانی نفسیات کو گہرائی میں جا کر سمجھتے تھے اور بڑی سادگی سے عام لوگوں کے لیے بیان کر دیتے تھے۔ غالب جس پر آشوب دور میں پیدا ہوئے اُس میں اُنہوں نے مسلمانوں کی ایک عظیم سلطنت کو برباد ہوتے ہوئے اور باہر سے آئی ہوئی انگریز قوم کو مُلک کے اقتدار پر چھاتے ہوئے دیکھا۔ غالباً یہ ہی وہ پسِ منظر ہے جس نے اُن کی نظر میں گہرائی اور فکر میں وسعت پیدا کی۔*
*مرزا غالب کا نام اسد اللہ بیگ خاں تھا۔ والد کا نام عبداللہ بیگ تھا۔ آپ دسمبر 1797ء میں آگرہ میں پیدا ہوئے۔ غالب بچپن ہی میں یتیم ہو گئے تھے اُن کی پرورش اُن کے چچا مرزا نصر اللہ بیگ نے کی لیکن آٹھ سال کی عمر میں اُن کے چچا بھی فوت ہو گئے۔ نواب احمد بخش خاں نے مرزا کے خاندان کا انگریزوں سے وظیفہ مقرر کرا دیا۔ 1810ء میں تیرہ سال کی عمر میں اُن کی شادی نواب احمد بخش کے چھوٹے بھائی مرزا الٰہی بخش خاں معروف کی بیٹی امراء بیگم سے ہو گئی شادی کے بعد اُنہوں نے اپنے آبائی وطن کو خیر باد کہہ کر دہلی میں مستقل سکونت اختیار کر لی۔*
*شادی کے بعد مرزا کے اخراجات بڑھ گئے اور مقروض ہو گئے۔ اُس دوران میں اُنہیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ور قرض کا بوجھ مزید بڑھنے لگا۔ آخر مالی پریشانیوں سے مجبور ہو کر غالب نے قلعہ کی ملازمت اختیار کر لی اور 1850ء میں بہادر شاہ ظفر نے مرزا غالب کو نجم الدولہ، دبیر الملک، نظامِ جنگ کا خطاب عطا فرمایا اور خاندانِ تیموری کی تاریخ لکھنے پر مامور کر دیا اور 50 روپے ماہور مرزا کا وظیفہ مقرر ہُوا۔*
*غدر کے بعد مرزا کی سرکاری پنشن بھی بند ہو گئی ۔ چناں چہ انقلاب 1857ء کے بعد مرزا نے نواب یوسف علی خاں والی رامپور کو امداد کے لیے لکھا اُنہوں نے سو روپے ماہوار وظیفہ مقرر کر دیا جو مرزا کو تادمِ حیات مِلتا رہا۔ فوت ہونے سے پہلے بے ہوشی طاری رہی اور اسی حالت میں 15 فروری 1869ء کو انتقال ہوا۔*