پیکا ایکٹ ضروری اور احتیاط ازقلم غنی محمود قصوری
پیکا ایکٹ ضروری اور احتیاط
ازقلم غنی محمود قصوری
PECA
پاکستان الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 پہلے سے ہی نافذ العمل تھا جس کا مقصد سائبر کرائم، آن لائن ہراساں کرنے، اور نفرت انگیز مواد کے پھیلاؤ کو روکنا تھا تاہم اس میں ایک بار پھر سے ترمیم کیلئے پیکا ایکٹ 2025 پیش کیا گیا
صدر مملکت پاکستان نے قومی اسمبلی اور سینٹ سے پاس ہونے کے بعد ترمیمی پیکا ایکٹ پر دستخط کر دیئے ہیں جس کے بعد پیکا ایکٹ قانون بن گیا جس کی رو سے غلط خبر دینے پر 3 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا ہو سکتی ہے یہ ایکٹ ہر صحافی و ہر شہری کیلئے نافذ العمل ہے جس کے بعد اب صحافیوں پر پہلے سے زیادہ احتیاط لازم ہو گئی
ہے جو کہ خوش آئند بات ہے
کیونکہ اس بابت ہمارا اسلام بھی ہمیں یہی کہتا ہے کہ
اے لوگو جو ایمان لائے ہو اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو تحقیق کر لیا کرو، ایسا نہ ہو کہ کسی قوم کو نادانی سے نقصان پہنچا دو اور تمہیں اپنے کئے پر شرمندہ ہونا پڑے۔ سورة الحجرات – آیت 6
یہ ایکٹ بیشتر ممالک میں نافذ العمل ہے جو کہ وقت کی بہت بڑی ضرورت ہے کیونکہ جس معاشرے میں جھوٹ و فریب اور ایک دوسرے کیساتھ اپنے ہی اداروں کی تضحیک عام ہو جائے وہاں جہالت اور نفرت بڑھ جاتی ہے اور جرائم جنم لیتے ہیں جس سے بگاڑ پیدا ہوتا ہے
واضع رہے کہ یہ ایکٹ اکیلے صحافیوں کیلئے ہی نہیں سوشل میڈیا صارفین کیلئے بھی ہے یعنی جو کوئی سوشل میڈیا پر غلط خبریں اور ملکی اداروں کیخلاف پروپیگنڈہ کرے گا اسے بھی اس ایکٹ کا سامنا کرنا پڑے گا
اس ایکٹ کے نافذ العمل ہونے کے بعد بہت سے لوگ پریشان بھی ہیں جس کی وجہ ہمارے ہاں ہر ایکٹ کا سیاسی طور پر استعمال ہونا ہے
ہمارے ہاں رواج ہے کہ غریب کیلئے قانون فوری حرکت میں آتا ہے اور امیر اپنی طاقت کے بل بوتے پر بچ نکلتا ہے
اسی بابت لوگ پریشان ہیں خاص کر ہم جیسے چھوٹے اور عام صحافی حضرات بہت پریشان ہیں
اگر تو اس ایکٹ پر میرٹ پر عمل ہوتا ہے تو یہ بہت ہی خوش آئند بات ہے اس سے ہر عام و خاص شحض و ادارے کو تحفظ ملے گا اور کسی کی عزت مجروع نہیں ہو گی اور نفرت نہیں پھیلے گی بلکہ پیار و محبت بڑھے گی
واضع رہے کہ جہاں اداروں اور حکومت وقت و عوام کیلئے پیکا ایکٹ نافذ العمل ہوا ہے وہاں صحافیوں کیلئے جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ 2021 بھی نافذ العمل ہے جس کی رو سے دوران رپورٹنگ صحافی کو تحفظ دینا اداروں کی ذمہ داری ہے اور کسی صحافی کو دھمکی دینے اور حراساں کرنے و حملہ کرنے پر ایسے فرد کے خلاف دہشت گردی کی دفعہ 7ATA کے تحت مقدمہ درج ہو گا مگر افسوس کہ اس ایکٹ پر نا ہونے کے برابر عمل ہوا الٹا اداروں کی طرف سے ہی صحافیوں کے گریبانوں پر ہاتھ ڈالے گئے اور صحافت جیسے مقدس شعبہ سے تعلق رکھنے والے کمزور صحافیوں کو ذلیل و رسوا کیا جاتا رہا ہے
میں ہر بار جگ بیتی کی بجائے ہڈ بیتی پر زور دیتا ہوں اور اپنی دس سالہ صحافت میں سے صرف دو واقعات پیش کرتا ہوں جب میرے جیسے فی سبیل اللہ صحافت کرنے والا کا دل چاہا کہ لکھنا اور رپورٹنگ کرنا چھوڑ دوں کیونکہ یہاں راج ہے طاقتور کا
میرے ساتھ پہلا واقعہ چند سال قبل تھانہ سٹی اے ڈویژن قصور تھانے کے اندر پیش آیا جہاں محرم الحرام کوریج کا کارڈ بنوانے جانے پر ایک معمولی کانسٹیبل کی طرف سے
دوسرے پولیس اہلکاروں کے سامنے مجھے ایس ایچ او کی حاضری بابت پوچھنے پر ذلیل کیا گیا اور صحافت کی سخت تذلیل کی گئی
دوسرا واقعہ تھانہ صدر قصور کے حوالدار کی جانب سے 2 جون 2024 کو سڑک کنارے باوجود کاغذات ہونے کے سرعام ذلیل کئے جانے کا ہے جس کی درخواست آئی جی پنجاب کو دیئے جانے کے باوجود متعلقہ پولیس اہلکار کی انکوائری سخت سست روی کا شکار رہی
اور پیشی پر جانے والے ہم صحافیوں کو پولیس کی طرف سے مختلف قسم کی باتیں سننے کو ملیں
واضع کرتا چلو کہ جہاں پولیس کے محکمے میں چند کالی بھیڑیں موجود ہیں اور بدنام پوری پولیس ہے اسی طرح شعبہ صحافت میں بھی چند کالیں بھیڑیں موجود ہیں مگر ان کی آڑ میں سب پر وار کرنا پیکا ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے
مگر بات وہی کمزور اور طاقتور والی
میں زیادہ دور نہیں جاتا 2024 سے 2025 تک کئی صحافیوں کو حبس بے جا میں رکھا گیا اور کئی صحافیوں کے ساتھ سرعام مار پیٹ کی گئی جس پر میڈیا میں واویلا بھی مچا مگر کوئی کاروائی نا ہوئی حالانکہ جس طرح پولیس کی وردی قابل احترام ہے اسی طرح ایک ذمہ دار اور پروفیشنل صحافی کا پریس کارڈ،مائیک اور لوگو بھی قابل احترام ہے کیونکہ پولیس ہتھیار اٹھا کر اور ساتھ تنخواہیں لے کر مجرموں کے خلاف کاروائی کرتے ہیں جبکہ الحمدللہ 90 فیصد صحافی حضرات بغیر پیسے اور ہتھیار کے سماج دشمن عناصر کو بے نقاب کرتے ہیں اور اپنے ملک کی سلامتی و بقاء کی خاطر ان لوگوں سے دشمنیاں مول لیتے ہیں
بیشتر صحافی حضرات پیکا ایکٹ میں ترمیم پر احتجاج کر رہے ہیں اور ڈرے سہمے نظر آ رہے ہیں مگر پیکا ایکٹ پر میرٹ پر عمل ہو تو پھر ڈر نہیں
مگر ہمیشہ کی طرح ڈر سرکاری اداروں سے خاص کر پولیس سے ہی لگتا ہے جو وقت آنے پر کمزور کیلئے فرعون اور تگڑے کیلئے سہولت کار ثابت ہوتی ہے
میں یہاں یہ بات لکھنا چاہتا ہوں اور خاص کر میں صدر پاکستان ،وزیر اعظم،وزیر داخلہ، چیف آف آرمی سٹاف اور کر ڈی جی آئی ایس آئی سے مخاطب ہوں اور یہ بات میں ڈی جی آئی ایس آئی کو بذریعہ خط لکھونگا ان شاءاللہ،کہ جناب جب سرعام لوگوں کو سڑک کنارے پولیس جیسا تحفظ دینے والا ادارہ ذلیل کرنے لگے،جب واپڈا کے لوگ ناجائز تنگ کرنے لگیں اور اوور بلنگ کرکے گھر کے چولہے ٹھنڈے کرنے لگیں،جب سوئی گیس نا ملنے پر بھی ہزاروں روپیہ گیس کا بل ادا کرنا پڑے،جب ٹیکس ادا کرکے بھی عوام چوروں ڈاکوؤں کے ہاتھوں دن رات لٹنے لگے اور ہسپتالوں سے مریض بغیر ادویات کے واپس آنے لگیں تو
تو اللہ کی قسم ہر بندہ اس تذلیل کو برداشت نہیں کر پاتا پھر بہت سے لوگ کھلے عام کچے کے ڈاکوؤں کی حمایت کرتے ہیں اور سانحہ بہاولنگر و سانحہ کھاریاں میں پولیس پر ہوئے ظلم پر خوشی مناتے ہیں
اسی طرح پولیس گردی کا شکار لوگ دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کا ساتھ دیتے ہیں
الحمدللہ میں یہ بات خود سے نہیں کہہ رہا میں نے آپریشن ضرب عضب سے پہلے سوات و مالاکنڈ و قرب و جوار کا وزٹ کیا تھا اور آپریشن کے بعد بھی 2017 میں پھر ٹور کیا تھا اور لوگوں نے جو باتیں مجھے بطور ٹورسٹ اور جرنلسٹ بتلائیں میں وہ لکھ رہا ہوں میں الحمدللہ نا جھوٹ لکھنے کا عادی ہوں نا جھوٹ کا حمایتی
میں آخر میں حکومت وقت سے تقاضا کرتا ہوں آپ پیکا ایکٹ نافذ کریں بہت خوش آئند بات ہے اللہ کی قسم میں اس پر خوش ہوں مگر خدارا سرکاری اداروں کو بھی قانون کی پاسداری کا پابند کیجئے کہ سرکاری اداروں کے لوگ عوام سے پیار محبت کیساتھ پیش آئیں خاص کر پولیس کے محکمے کو کنٹرول کیا جائے تاکہ لوگوں کو احساس تحفظ ہو سکے اور وہ اداروں سے نفرت کی بجائے پیار کریں
اسی پولیس کی ذیلی ایک شاخ سی ٹی ٹی ڈی ہے جس کی بھرتی بہت شفاف ہوئی اور اس کی طرف سے بہت بہتر نتائج آئے ہیں اسی طرح عام پولیس کی بھرتی وقت اہلکار یا افسر کا دماغی ٹیسٹ بھی کروا لیا جائے کہ آیا وہ خود بھی پیکا ایکٹ جیسے قانون پر عمل کرے گا کہ صرف عام عوام سے ہی کروانا چائے گا؟
دیگر اداروں کے لوگوں کو بھرتی کرتے وقت ان کا دماغی ٹیسٹ اس لئے لازم ہے کہ وہ عوام سے اچھے طریقے سے پیش آئیں اور ان کے جائز کام بلا رشوت کریں
اگر ایسا ہو گیا تو رب کونین کی قسم لوگوں میں برداشت کی قوت پیدا ہو گی اور لوگ اس وطن سے اور زیادہ پیار کرینگے
میری بات کسی پولیس اہلکار کو بری لگے تو معذرت میں نے الحمدللہ حق سچ لکھا ہے
باقی محکمے بھی ان حالات کے ذمہ دار ہیں مگر پولیس کا محکمہ سب سے زیادہ ذمہ دار ہے پیکا ایکٹ کی طرح اسے بھی اچھے طریقے سے نافذ العمل کرنا ہو گا کیونکہ جتنی عزت اداروں کی اہم ہے اسی طرح عام عوام کی بھی عزت اہم ہے
سو محبت کیجئے محبت لیجئے