November 16, 2026

سکھر: اسلام کالونی نیوپنڈ سمیت مختلف علاقوں میں غیر قانونی فیکٹریوں کی بھرمار، ادارہ تحفظ ماحولیات کی انتظامیہ خواب خرگوش میں

20250128_165037

سکھر: اسلام کالونی نیوپنڈ سمیت مختلف علاقوں میں غیر قانونی فیکٹریوں کی بھرمار، ادارہ تحفظ ماحولیات کی انتظامیہ خواب خرگوش میں

سکھر (نمائندہ خصوصی) سکھر ریجن میں ماحولیاتی تحفظ کا خواب چکناچور ہوتا دکھائی دے رہا ہے، جہاں رہائشی علاقوں میں غیر قانونی فیکٹریوں کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ان فیکٹریوں سے نکلنے والے زہریلے دھوئیں اور مضر کیمیکل فضائی آلودگی کے ساتھ ساتھ انسانی صحت پر نہایت مہلک اثرات ڈال رہے ہیں، لیکن حیران کن طور پر متعلقہ ادارے مکمل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

ماحولیاتی تحفظ کے قوانین کے مطابق رہائشی علاقوں میں کسی بھی قسم کی صنعتی سرگرمی کی اجازت نہیں ہے۔ تاہم، سکھر کے اسلام کالونی 2 نیوپنڈ میں بااثر افراد نادر چاچڑ اور حیدر چاچڑ کی فیکٹری سمیت پرانا سکھر و دیگر علاقوں میں متعدد فیکٹریاں کھلے عام چل رہی ہیں، جن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ فیکٹریاں رات کے وقت بھی دھواں چھوڑتی ہیں، جس سے سانس کی بیماریوں اور جلدی امراض میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔

ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کی غفلت یا ملی بھگت؟

ادارہ تحفظ ماحولیات (EPA) سکھر ریجن کی جانب سے نہ تو ان غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف کوئی کاروائی کی جا رہی ہے اور نہ ہی شہری شکایات پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ادارے کے افسران فیکٹری مالکان سے بھاری رشوت وصول کر کے ان کے غیر قانونی دھندے کو نظرانداز کر رہے ہیں۔ یہ الزام اس وقت تقویت پکڑتا ہے جب شہریوں نے بارہا شکایات کے باوجود انتظامیہ کو حرکت میں آتے نہیں دیکھا۔

شہریوں کی دہائی

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ “ہمارے بچے سانس کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، لیکن کوئی سننے والا نہیں۔ جب ہم انتظامیہ کے پاس شکایت لے کر جاتے ہیں تو ہمیں ٹال دیا جاتا ہے۔” شہریوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور اعلیٰ حکام فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیں اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

حکومت سے اپیل

سکھر کے شہریوں نے وزیراعلیٰ سندھ، محکمہ ماحولیات، اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور ان کے مالکان کے ساتھ ساتھ غفلت برتنے والے افسران کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

نااہل افسران کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ

یہ وقت ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کی کارکردگی کا سختی سے جائزہ لیا جائے۔ رشوت کے الزامات کی مکمل اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، تاکہ نہ صرف غیر قانونی فیکٹریوں کا خاتمہ ہو بلکہ ماحولیاتی آلودگی سے شہریوں کو تحفظ بھی فراہم کیا جا سکے۔ اگر ان اداروں کی نااہلی کا یہی عالم رہا، تو آنے والے وقت میں ماحولیاتی بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے۔

سکھر کے عوام اپنی صحت اور مستقبل کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کے منتظر ہیں۔