November 16, 2026

حکومت کا نیا قانون، قومی سلامتی کا لفظ ایک خطرہ؟

20250125_152053

حکومت کا نیا قانون، قومی سلامتی کا لفظ ایک خطرہ؟

پاکستان کی قومی اسمبلی نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل دو ہزار چوبیس منظور کر لیا ہے، جس سے حکومت کے آن لائن مواد اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو کنٹرول کرنے کے اختیارات میں خاطر خواہ اضافہ ہو جائے گا۔

اس قانون سازی کا اہم پہلو ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی (ڈی آر پی اے) کا قیام ہے، جسے غیر قانونی مواد ہٹانے، سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے اور خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔

تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ حکومت پیکا ایکٹ کے ذریعے بظاہر تو غلط خبروں کو روکنا چاہتی ہے لیکن بل کی مبہم زبان ظاہر کرتی ہے کہ بل صحافیوں کو ایک دھمکی ہے اور حکومت کسی بھی بات کو فیک یا قومی سلامتی کے خلاف کہہ کر کسی کو بھی سزا دے سکتی ہے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ تشدد، نفرت، بدنامی اور خاص طور پر قومی سلامتی والے الفاظ مبہم ہیں اور کوئی بھی ان کی زد میں لایا جا سکتا ہے۔ سینئیر وکیل حامد خان کہتے ہیں، ”یہ نیشنل سکیورٹی والا لفظ ہمیشہ سے اس ملک میں استعمال ہوتا آیا ہے اور یہ جہاں استعمال ہو اس کا مقصد ہی بد نیتی ہے۔ باقی جو لفظ استعمال کیے گئے ہیں وہ بھی مبہم ہیں اور ان کی طاقت ور حلقے اپنی مرضی کے مطابق تشریح کریں گے اور کر رہے ہیں۔‘‘

ملک میں بنائے گئے ہر قانون اور آئین میں بھی بغیر تشریح کیے قومی سلامتی کے لفظ کا استعمال ملک کے سمجھ بوجھ رکھنے والے لوگوں میں ہمیشہ بحث کا مرکز رہا ہے اور مختلف لوگ اس کی زد میں آتے رہے ہیں۔ عاصمہ شیرازی کہتی ہیں، ”قومی سلامتی والا حرف ہمیشہ سے غلط استعمال ہوتا آیا ہے اور مزید ہو سکتا ہے۔ کل اگر میں کسی جنرل کی کرپشن پر خبر کر دوں تو کوئی بعید نہیں کہ اسے قومی سلامتی کا مسئلہ بنا کر پیش کر دیا جائے۔‘‘