پولیس کی غنڈہ گردی اور سیاسی دباؤ کی شدید مذمت*
*پولیس کی غنڈہ گردی اور سیاسی دباؤ کی شدید مذمت*
تحریک انصاف کے رہنما رضوان خانزادہ نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کے خلاف القادر کیس میں سنائے گئے غیرمنصفانہ فیصلے نے انصاف کے تمام تقاضوں کو پامال کیا ہے۔ نوابشاہ میں منعقد ہونے والی احتجاجی ریلی کارکنان کے اس عزم کی عکاس ہے کہ وہ اپنے قائد کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر قسم کے ظلم و جبر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما رضوان خانزادہ نے کراچی سے نوابشاہ جانے والے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں شمیم نقوی، سیف الرحمن محسود، ایڈووکیٹ عطااللہ، گوہر خٹک اور دیگر کارکنان پر پولیس کی جانب سے کی جانے والی غنڈہ گردی اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو سیاسی بنیادوں پر استعمال کرنا جمہوری اقدار اور بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ سیاسی جماعتوں کے پرامن احتجاج کو روکنے کے لیے پولیس کو آلہ کار بنانے سے گریز کیا جائے اور ایسے غیر قانونی اقدامات کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
رضوان خانزادہ نے کہا کہ یہ تمام حربے تحریک انصاف کے کارکنان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ پارٹی کے مرکزی رہنما اور کارکنان، کی قیادت میں نوابشاہ میں ہونے والی احتجاجی ریلی کو کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین عمران خان کے خلاف غیرمنصفانہ فیصلوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، اور اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔
رضوان خانزادہ نے کارکنان سے پرامن رہنے اور جمہوری انداز میں احتجاج جاری رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ تحریک انصاف کی عوامی حمایت کو کسی بھی غیر آئینی اقدام سے دبایا نہیں جا سکتا۔