عمرکوٹ (رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی) ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک کی صدارت میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر اجلاس میں سندھ سوشل
عمرکوٹ (رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی)
ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک کی صدارت میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر اجلاس میں سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی ضلعی کوآرڈینیٹر میڈم خدیجہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد علی نہڑیو، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد اسلم بھٹی، نادرا انچارج نور محمد بھنبھرو، پی پی ایچ آئی کے ڈسٹرکٹ مینیجر شریف دین میمن، ورلڈ فوڈ پروگرام کی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر میڈم عالیہ ساجد، ایڈیشنل ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ہریش چندر کتری، ڈسٹرکٹ مینیجر ہینڈز امام بخش، سماجی تنظیم سرسو کے امتیاز کھوسو، سماجی تنظیم تھردیپ، سماجی تنظیم این آر ایس پی، ڈاکٹر شیر علی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید الرحمان لاڑک نے کہا کہ حکومت سندھ اور ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیا گیا ممتا پروگرام انتہائی مؤثر اور فائدہ مند ہے۔ اسے مزید فعال کرنے سے ای پی آئی ویکسینیشن سمیت دیگر ڈیٹا مکمل کرنے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے ڈی ایچ او عمرکوٹ، پی پی ایچ آئی اور ضلع میں کام کرنے والی تمام سماجی تنظیموں کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ ممتا پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اس کی آگاہی مہم کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو آگاہی دینے کے لیے ایف ایم ریڈیو پر بھی ممتا پروگرام کے فوائد کے بارے میں ایک عوامی پیغام نشر کیا جائے۔ اس موقع پر سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی ضلعی کوآرڈینیٹر میڈم خدیجہ نے اجلاس کو ممتا پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ممتا پروگرام کا کل 74 فیصد بجٹ مستحقین کو فراہم کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری ہیلپ لائن نمبر 1054 پر کوئی بھی مستحق اپنی شکایت درج کرا سکتا ہے، جس کا فوری ازالہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری سندھ میں ہماری کل 772 صحت کی سہولتیں موجود ہیں، جن میں عمرکوٹ ضلع کی 51 سہولتیں شامل ہیں جہاں ممتا پروگرام کی مکمل رجسٹریشن کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا گیا کہ یہ پروگرام سندھ کے 15 اضلاع میں جاری ہے اور مزید 7 اضلاع کو شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو عوام میں مزید عام کرنے کے لیے مزید آگاہی مہم کی ضرورت ہے، جس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔