سکھر بیورو چیف ۔
سید نصیر حسین زیدی ۔
دعا آن لاین۔ ۔نیوز
ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن سکھر
سکھر 03 جولائی 2024ء: کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں سکھر ڈویژن میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ، سکھر، خیرپور و گھوٹکی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز، ڈی ایچ او سکھر، رینجرز, اسپیشل برانچ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران، پی پی ایچ آئی، سیپکو اور ایس ایس جی سی کے چیف انجنیئئرز کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر سکھر ڈویژن کے کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ مقدس مہینہ ہے، جس کے دوران تمام مکاتب فکر کے علماء ہم آہنگی کو قائم رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں اور در پیش مسائل کو سنجیدگی سے حل کریں، انہوں نے کہا کہ رابطے کے فقدان کے باعث ہی مسائل جنم لیتے ہیں اس لیے آپس میں بروقت رابطے کے عمل کو یقینی بنائیں۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ڈویژن بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں، امن و امن کو قائم رکھنے کے لیے چوکس رہیں تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے سیپکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام کو محرم کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ کمشنر سکھر نے میونسپل افسران کو صفائی، ڈی سلٹنگ، لائٹنگ اور ہیٹ اسٹروک کیمپ لگانے کی ہدایات بھی دیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ نے کہا کہ محرم کے دوران سب کو باہمی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ڈی آئی جی سکھر نے بتایا کہ 14 محرم الحرام تک ڈویژن میں 9 ہزار کے قریب پولس اہلکار اپنے فرائض سر انجام دیں گے، اس ضمن میں تمام علماء کرام انتظامیہ سے رابطے میں رہیں تاکہ کہیں کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو، ڈی آئی جی نے کہا کہ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو بھی تیز کیا جائے گا۔ اجلاس میں سکھر، خیرپور اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز نے متعلقہ اضلاع میں محرم کے انتظامات کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تینوں اضلاع میں محرم الحرام کے سلسلے میں کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں جن میں تمام متعلقہ محکموں کے فوکل پرسنز مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنرز نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ڈی ایچ اوز اور ایم ایس کے تعاون سے ایمبولینسز اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی بھی ترتیب دی گئی ہے، صفائی اور لائٹنگ، ڈی سلٹنگ، فائر بریگیڈ کی موجودگی اور دیگر مسائل کے حوالے سے میونسپل کے اعلیٰ افسران کے ساتھ اجلاس بھی منعقد کیا گیا ہے جس میں یو سیز اور کونسلز کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں، جبکہ ماتمی راستوں سے تجاوزات ہٹانے، جنریٹرز کو اسٹینڈ بائی رکھنے، کنٹینر واش رومز قائم کرنے، سڑکوں سے بجلی کی تاریں ہٹانے اور ڈی سلٹنگ سمیت دیگر انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنرس نے اجلاس کو مزید بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں ضلع سطح پر علماء کرام سے اجلاس منعقد کیا گیا ہے جس میں وقت کی پابندی اور ایس او پیز پر عملدرآمد، نئے ماتمی روٹس اور مجالس کے پروگراموں کو پیشگی اجازت نامے سے مشروط کیا گیا ہے۔ اس موقع پر موجود تمام علماء کرام نے انتظامیہ کو محرم الحرام کے دوران مکمل کوآرڈینیشن کی یقین دہانی کرائی۔
ہ آ۔۔۔۔ (ک.پ)