November 16, 2026

*سال 2024 عیسوی* *مظلوم انسانیت کا ہولوکاسٹ اور عالمی سامراج کی سازشوں کا کھیل*

20250102_012712

😔😔😔😔😔😔😔😔😔😔😔

*سال 2024 عیسوی*

*مظلوم انسانیت کا ہولوکاسٹ اور عالمی سامراج کی سازشوں کا کھیل*

😔😔😔😔😔😔😔😔😔😔😔

2024 کا سال غزہ کے مظلوم انسانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی ایک ایسی داستان کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جس نے انسانی تاریخ میں ظلم و جبر کے نئے باب رقم کیے۔ غزہ کے معصوم بچوں، عورتوں اور بوڑھوں پر جاری بمباری، محاصرے اور انسانیت سوز مظالم نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا، مگر عالمی طاقتوں کی بے حسی اور سامراجی مفادات نے اسے ایک اور “خاموش ہولوکاسٹ” بنا دیا۔

غزہ جسے دنیا کی سب سے بڑی “کھلی جیل” کہا جاتا ہے، گزشتہ سال بے رحم بمباری، بھوک، اور طبی سہولیات کی قلت کا شکار رہا۔ مظلوم فلسطینی عوام پر جاری مظالم کے پیچھے اسرائیلی جارحیت کے علاوہ ایک اور گہری سازش پوشیدہ تھی، جس میں عالمی سامراجی طاقتیں ( بشمول نام نہاد اسلامی ممالک کی مفاداتی اشرافیہ ) براہ راست ملوث تھیں۔ ان طاقتوں نے فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کو دبانے کے لیے اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کو بھی استعمال کیا۔

غزہ کے مظلوم انسانوں کی چیخیں ابھی تھمنے نہ پائی تھیں کہ لبنان، یمن، ایران اور شام میں سامراجی طاقتوں نے اپنی سازشوں کا دائرہ وسیع کر دیا۔ لبنان میں سیاسی عدم استحکام، یمن میں انسانی بحران، ایران پر معاشی پابندیاں، اور شام میں خانہ جنگی کو ہوا دینے کے پیچھے انہی طاقتوں کے مفادات کارفرما تھے۔

یہ تمام سازشیں دراصل مشرق وسطیٰ کے وسائل پر قبضے کی دیرینہ خواہش کا تسلسل ہیں۔ ان سازشوں کے ذریعے عالمی سامراج نے نہ صرف ان ممالک کی معیشت کو تباہ کیا بلکہ لاکھوں انسانوں کو بے گھر اور بنیادی سہولیات سے محروم کر دیا۔

دنیا بھر میں انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار ممالک نے اس ظلم پر خاموشی اختیار کیئے رکھی، مغربی میڈیا نے ان مظالم کو معمولی تنازع کے طور پر پیش کیا، جبکہ اصل حقیقت یہ ہے کہ یہ ظلم کسی بھی طرح ایک انسانیت سوز المیے سے کم نہیں۔

ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ ہم ان مظلوم انسانوں کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔ کیا ہمارا فرض صرف سوشل میڈیا پر پوسٹس شیئر کرنا ہے یا عملی اقدامات اٹھانا بھی ہماری ذمہ داری ہے؟ ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ غزہ، یمن، لبنان، ایران اور شام کے مظلوموں کی حمایت نہ صرف انسانی اخلاقیات کا تقاضا ہے بلکہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری بھی ہے۔

2024 کے اس ہولناک ہولوکاسٹ نے ہمیں یہ سبق دیا ہے کہ اگر ہم ظلم کے خلاف آواز نہیں اٹھائیں گے تو تاریخ ہمیں بھی ظالموں کے ساتھ کھڑا کرے گی۔ اب وقت ہے کہ ہم سامراجی طاقتوں کی سازشوں کو بے نقاب کریں اور مظلوم انسانیت کے ساتھ کھڑے ہوں۔