October 28, 2026

رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی عمرکوٹ مورخہ 19 دسمبر 2024: عمرکوٹ ضلع کونسل عمرکوٹ کا اجلاس چیئرمین ضلع کونسل عمرکوٹ حاجی محمد بقا پلی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ گذشتہ اجلاس کی کارروائی بحال کرنے کے لیے تجویز پیش کی گئی، جس کے بعد اجلاس کی کارروائی شروع کی گئی۔

IMG-20241219-WA0169

رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی عمرکوٹ
مورخہ 19 دسمبر 2024:
عمرکوٹ ضلع کونسل عمرکوٹ کا اجلاس چیئرمین ضلع کونسل عمرکوٹ حاجی محمد بقا پلی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ گذشتہ اجلاس کی کارروائی بحال کرنے کے لیے تجویز پیش کی گئی، جس کے بعد اجلاس کی کارروائی شروع کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق
اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل عمرکوٹ حاجی بقا پلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل عمرکوٹ کی جو ترقیاتی اسکیمیں جاری ہیں ضلع کونسل کے ممبران خود اپنے علاقوں میں چل رہی ترقیاتی اسکیموں کی نگرانی کریں اور ناقص میٹیریل پر متعلقہ محکموں اور ضلع کونسل کو آگاہ کریں۔ چیئرمین ضلع کونسل عمرکوٹ نے مزید کہا کہ جہاں بھی ٹھیکیداروں کی کوتاہی ہے انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین کی جانب سے 27 دسمبر کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو برسی کے حوالے سے فاتحہ خوانی کی گئی اور دعا مغفرت کی گئی،اور ضلع کونسل عمرکوٹ کے ممبر میر مجتبیٰ ٹالپر کی مغفرت کے لیے بھی دعا کی گئی۔اس موقع پر بغیر مقابلے نئے منتخب ممبر ضلع کونسل قاضی راجہ نواز کو مبارکباد دی گئی۔ اس موقع پر ضلع کونسل عمرکوٹ کے ممبر شاہنواز جونئیجو نے سندھ سے نکلنے والے 06 کئنالوں کے بارے میں تجویز پیش کی، جس پر چیئرمین ضلع کونسل حاجی بقا پلی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سندھ سے نکلنے والی کئنالوں کے خلاف قومی اسمبلی میں اپنا موقف پیش کر چکے ہیں۔ چیئرمین ضلع کونسل عمرکوٹ نے ضلع عمرکوٹ کے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ ممبران کی جانب سے جو مسائل پیش کیے گئے ہیں انہیں فوراً حل کیا جائے۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ اور جنگلات کے محکموں کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع عمرکوٹ میں جو بھی ترقیاتی اسکیمیں چل رہی ہیں ان کی مکمل رپورٹ ضلع کونسل کو فراہم کی جائے۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین ضلع کونسل عمرکوٹ میاں خالد ولہاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر ضلع کونسل کے تمام ممبران اور یوسی چیئرمین اپنے علاقوں میں چلنے والی پولیو مہم کی نگرانی کریں اور جہاں ریفیوژل کیسز ہیں وہاں پولیو ٹیموں کی مدد کریں۔ وائیس چیئرمین نے محکمہ جنگلات کے افسر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت موسمیاتی تبدیلی دنیا کا بڑا مسئلہ ہے جس کے لیے محکمہ جنگلات کو بھرپور اقدامات اٹھانے چاہئیں اور ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہیں بھی وقت پر دی جائیں۔ اس موقع پر ضلع کونسل عمرکوٹ کے ممبر شاہنواز جونیجو نے ترقیاتی اسکیموں کے بارے میں اجلاس کو مکمل بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عمرکوٹ ضلع میں ضلع کونسل عمرکوٹ ک 24-2023 کی مجموعی طور پر 162 اسکیمیں ہیں، جن میں سے 20 اسکیمیں مکمل ہو چکی ہیں، 27 اسکیموں پر کام جاری ہے اور 115 اسکیموں پر کام شروع نہیں ہو سکا۔ اجلاس میں وائیس چیئرمین ضلع کونسل عمرکوٹ میاں خالد ولہاری، ممبر ضلع کونسل شاہنواز جونئیجو، ممبر ضلع کونسل عبدالواحد آریسر اور نور جان گیلہڑو سمیت دیگر ممبران نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اجلاس میں چیف میونسپل افسر امتیاز ہالیپوٽو، میمبر ضلع کونسل عمرکوٹ ہیمن بھیل، قاضی راجہ نواز، خیرالنساء سومرو، ضلع کے افسران میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مرتضیٰ گوہر، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر لچمن داس،ڈی او سیکینڈری عنایت اللہ کنبھر، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ھریش چندر کتری، انچارج نادرا نور محمد بھنبھرو، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر ایاز کاچھلیو، پرنسپل بوائز ڈگری کالج عبدالرؤف سومرو، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس کے دیون کتری، پریس کلب عمرکوٹ کے صحافیوں سمیت دیگر محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔