عمرکوٹ رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی ضلع عمرکوٹ کے تحصیل کنری اوئیر اور سی پی ڈی آئی کے مشترکہ تعاون سے چلنے والے پروجیکٹ “سٹی زنز فار گڈ گورننس” کے تحت آج دونوں تنظیموں کے
عمرکوٹ رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی
ضلع عمرکوٹ کے تحصیل کنری اوئیر اور سی پی ڈی آئی کے مشترکہ تعاون سے چلنے والے پروجیکٹ “سٹی زنز فار گڈ گورننس” کے تحت آج دونوں تنظیموں کے اشتراک سے اوئیر ہیڈ آفس میں اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک روزہ نشست منعقد کی گئی۔ اس نشست کا موضوع بنیادی انسانی حقوق اور صنفی بنیادوں پر ہونے والے تشدد پر مبنی تھا۔
نشست کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا گیا۔ سی پی ڈی آئی کے نمائندوں عاطف علی اور فرحین مگسی نے شرکت کرکے پروجیکٹ کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔
عمرکوٹ ضلع میں کام کرنے والی مختلف این جی اوز، لائن ڈیپارٹمنٹس، سول سوسائٹی کے نمائندے، میڈیا کے افراد، زرعی یونیورسٹی سب کیمپس عمرکوٹ کے نمائندے، معذور افراد کی فلاح و تعلیم کے اداروں کے نمائندے، نوجوان اور مختلف مکاتبِ فکر کے افراد اس نشست میں شریک ہوئے۔
ورکشاپ میں میڈم کلثوم سندھو نے صنفی مسائل پر گفتگو کی۔ ایس پی او کے پروگرام مینیجر شیورام سوتھر نے صنفی بنیادوں پر ہونے والے تشدد، اس کے اسباب، رویوں، خدشات اور اثرات پر تفصیلی بات چیت کی اور ایک بریف پریزنٹیشن دی۔ ایڈووکیٹ گل منیر ولہاری نے انسانی حقوق اور پسماندہ طبقات کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
میڈیا کے نمائندوں اتم سنگراسی، اسد علی اور سہیل کنبھار نے شرکت کی۔ جبکہ ڈان کے نمائندے اللہ بخش آریسر نے بچوں پر ہونے والے تشدد اور انسانی حقوق میں میڈیا کے کردار پر تفصیلی بات کی۔
اقلیتوں کے حقوق پر پرابھا فاؤنڈیشن کے رہنما بھرت کمار نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ معذوروں کی فلاح و تعلیم کے لیے کام کرنے والے اداروں کے نمائندے عبدالرزاق خاصخیلی اور بھرت کمار نے نشست میں خصوصی بچوں کے بنیادی حقوق اور ضلع میں درپیش مسائل پر بات کی اور ان مسائل کو کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے تمام اداروں کو ایک بار اپنے مرکز کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
پوری نشست میں انسانی حقوق پر عملی کام کرنے کا عہد کیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ کمیونٹیز اور حکومتی اداروں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرکے اپنے قومی فرض کو ادا کریں گے اور اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں گے۔
مشہور شاعر حاجی ساند نے مجموعی طور پر سندھ میں انسانی حقوق پر گفتگو کی۔
آخر میں اوئیر کے نمائندے عابد حسین نہڑی نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔