October 29, 2026

سکھر( بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا آن لاین نیوز ) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی صدر محمد کاشف چوہدری، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے نائب صدر و سکھر اسمال ٹریڈرز، صرافہ ایسوسی ایشن سکھر

20241208_205616

سکھر( بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
دعا آن لاین نیوز ) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی صدر محمد کاشف چوہدری، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے نائب صدر و سکھر اسمال ٹریڈرز، صرافہ ایسوسی ایشن سکھر کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی، خوشحالی کیلئے صنعت و تجارت اور کاروبار کو فروغ دیناہوگا۔ جس کیلئے حکمرانوں کو سنجیدگی سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، تاجر برادری بالخصوص جیولرز پر جبری طور پر مسلط کردہ بے جا ٹیکسز، سیلز ٹیکس رجسٹریشن کا خاتمہ کر کے تاجروں کی مشاورت سے آسان اور سہل ٹیکس نظام متعارف کرایا جائے تاکہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہوں پر گامزن کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صرافہ بازار سکھر میں فاروق حمید کی نئی دکان نیو شارجہ جیولرز کے افتتاح کے موقع پر بطور مہمان خاص تاجروں سے خطاب کے دوران کیا۔ قبل ازیں محمد کاشف چوہدری، حاجی محمد جاوید میمن ود یگر نے ربن کاٹ کر شارجہ جیولرز کا افتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے سرپرست اعلیٰ و صرافہ ایسوسی ایشن سکھر کے سینئر نائب صدر حاجی غلام شبیر بھٹو، سکھر اسمال ٹریڈرز کے جنرل سیکریٹری محمد عامر فاروقی، صرافہ ایسوسی ایشن سکھر کے سینئر ممبران محمد ذاکر خان،عمران اللہ، محمد عرفان،سعید احمد، راشد صدیقی، محمد افضل، محمد آصف، محمد رفیق، محمد شہزاد، محمد نعمان، حاجی خان، محمد منیر آرائیں، محمد اکرم، خالد سومرو، عتیق اللہ سومرو، کیلاش، محمد فیصل، اویس میمن، نوید کھوکھر سمیت و دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد کاشف چوہدری، حاجی محمد جاوید میمن کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں کو صنعت تجارت اور کاروبار کو فروغ دینے کیلئے اپنی شاہانہ عیاشیوں اور اخراجات کا خاتمہ کر کے تاجر برادری کی تجاویز پر عملدرآمد کرنا ہوگا، تاجر برادری ملک کی ترقی، خوشحالی کیلئے ٹیکسز ادا کرتے ہیں اس کے باوجود حکومت ٹیکس ادا کرنیوالے تاجروں پر ہی مزید بے جا ٹیکسز عائد کر تنگ و پریشان کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے سوال کرتے ہیں کہ تاجروں کی جانب سے باقاعدگی ٹیکسز کی ادائیگی کے باوجود بھی تاجر سہولیات سے محروم کیوں ہیں ؟بجلی ، گیس کے بھاری بلوں کی ادائیگی کے باوجود سکھر جیسے تجارتی حب میں لوڈشیڈنگ کا عذاب، صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، روڈ راستوں کی خستہ حالی ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے،جب ہم ٹیکس ادا کرتے ہیں تو تاجروں کو سہولیات فراہم کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے جسے وہ ہر حال میں پورا کریں۔ اس موقع پر تقریب کے میزبان فاروق حمید، لیاقت علی، ارشد علی و دیگر کی جانب سے مہمانوں کا والہانہ پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ہار پہنائے گئے اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرکیں پیش کی۔