November 16, 2026

خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا ارادہ نہیں، بلااشتعال فائرنگ کی خبریں من گھڑت، بتایا جائے میتیں، قبریں کہاں ہیں، وفاقی وزراء

20241130_175516

خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا ارادہ نہیں، بلااشتعال فائرنگ کی خبریں من گھڑت، بتایا جائے میتیں، قبریں کہاں ہیں، وفاقی وزراء
سیالکوٹ، لاہور، کراچی (نیوزایجنسیاں، نیوز ڈیسک)وفاقی وزراء خواجہ آصف ،اسحاق ڈار ، عطا تارڑ ،سینیٹر عرفان صدیقی اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نےکہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا ارادہ نہیں ہے ، بلا اشتعال فائرنگ کی خبریں من گھڑت ہیں ، بتایا جائے میتیں ، قبریں کہاں ہیں ؟خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے لاشوں کا پراپیگنڈا کیا جارہا ہے، وفاق پر تیسری بار حملہ ناکام بنادیا گیا، عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی 2019 کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر ڈال رہی ہے، ڈی چوک کا بتاکر غزہ کی ویڈیوز پوسٹ کی جارہی ہیں، سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ جتھہ انارکی پھیلانے کیلئے تیار تھا، فورسز نے تحمل کا مظاہرہ کیاعظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی پراپیگنڈا سیل لاشیں ڈھونڈنے میں لگا ہوا ہے ، انہوں نے مردہ قرار دیئے گئے شخص کی ویڈیو بھی شیئر کردی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لاشوں کا پراپیگنڈا کیا جارہا ہے ، ابھی تک کسی جنازے کی ویڈیو سامنے نہیں آئی یا کسی مرنے والے کے وارثوں کی ویڈیو سامنے آئی ہے نہ ایسا کوئی ثبوت سامنے آیا کہ وہاں خون ریزی ہوئی ہے، زخمی ضرور ہوئے مگر مرنے کی شہادت کوئی نہیں ملی، پی ٹی آئی جس طرح دھرنے سے دُم دبا کر بھاگی اس کی مثال نہیں ملتی۔ احتجاج کی جگہ تبدیل کرنے کی آفر پر عمران خان راضی تھے مگر بشریٰ بی بی نہیں مانی۔ 3 روز پہلے پی ٹی آئی نے پوری کوشش کی کہ معیشت کی تباہی ہو جائے، دھرنا اسلام آباد پہنچا تو وہاں انہیں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاج کے دوران سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے جبکہ کسی شہری کے جاں بحق ہونے کی شہادت نہیں ملی۔ آج تک کسی جنازے کی ویڈیو سامنے نہیں آئی، لطیف کھوسہ نے کہا ہمارے 278 لوگ مارے گئے ہیں، ہر لیڈر نے ہلاکتیں الگ الگ بتائیں کسی نے ہزار بندہ کہا کسی نے کچھ، مگر اب نمبر سنگل ڈیجٹ میں آگیا ہے۔ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور سب چھوڑ کر بھاگ گئے۔2014 میں ان کے دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوگیا، دوسری دفعہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وجہ سے انہوں نے جلسہ رچایا، اب تیسری بار بیلاروس کے صدر و وفد کے دورے کو منسوخ کرنے کی کوشش کی گئی۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے جب ووٹنگ ہوئی تو 90 سے95 فیصد لوگ پٹھان تھے، ہمارے پختون بھائیوں نے پاکستان کا بہت نام روشن کیا، ہم نے جو بھی منزلیں طے کیں ان سب میں تمام صوبوں نے کردار ادا کیا، شرپسند ہر صوبے میں پائے جاتے ہیں۔پاراچنا میں قتل عام ہورہا ہے تب اس وزیراعلیٰ کا بنتا تھا اسلام آباد دھاوا بولنے کا؟ پاراچنا میں صوبائی حکومت کا کوئی رکن نہیں گیا، پاراچنا میں باقاعدہ طالبان کی پشت پناہی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جعلی تصاویر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص کو کہا جا رہا ہے کہ کنٹینر پر نماز پڑھ رہا تھا وہ ٹک ٹاک بنا رہا تھا، اس مرتبہ مؤثر پراسیکیوشن سے ملزمان کو لازمی سزائیں دلوائیں گے۔عطا تارڑ کے مطابق پی ٹی آئی اپنے فرار کی شرمندگی سے بچنے کےلئے لاشوں کی سیاست کر رہی ہے، پی ٹی آئی اب تک ہلاکتوں کا کوئی ثبوت نہیں سامنے لائی، کوئی ویڈیو اور کوئی کوائف پیش نہیں کر سکی، کبھی لاشیں 100 ہوتی ہیں، کبھی 16 ہو جاتی ہیں اور کبھی 5 ہو جاتی ہیں، پی ٹی آئی والے راہ چلتے جہاں جنازہ دیکھتے ہیں وہاں اپنی پارٹی کا جھنڈا لگا دیتے ہیں جبکہ پمز اور پولی کلینک کا بیان ہے کہ ان کو کوئی لاش نہیں ملی۔وفاقی وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ آپ کے لوگ اے کے 47 سے فائرنگ کر رہے تھے، تمام ٹی وی چینلز نے ان کو بھاگتے ہوئے دکھایا،جو رینجزر والے شہید ہوئے آپ نے ان کی ویڈیوز تو نہیں پوسٹ کیں، تین روز ہوگئے پی ٹی آئی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کی ویڈیو اب تک سامنے نہیں لائی۔مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ سیاسی لبادہ اوڑھے ایک جتھہ اور فتنہ ہے، کے پی کے کی صوبائی حکومت نے سرکاری وسائل کے ساتھ وفاق پرلشکر کشی کی ، ایسے جتھے کو اگر قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا تو کالعدم تنظیموں پر پابندی کا کوئی جواز رہتا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 2014 سے پی ٹی آئی کی تاریخ دیکھ لیں ، انہوں نے ملک میں سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کیا، پاکستان ٹیلی ویژن ، پارلیمنٹ ، وزیراعظم ہائوس پر حملہ کیا، 9 مئی کو اسی جماعت نے پھر ملک کی دفاعی تنصیبات پر 250 سے زائد حملے کئے۔ماضی میں مسلم لیگ ن اورپیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی چپقلش لگی رہی تاہم کسی صوبائی حکومت کو سرکاری وسائل کے ساتھ وفاق پر لشکر کشی کیلئے استعمال نہیں کیا گیا۔انہوں نے سوال کیا کہ کہ اسلام آباد کی مصروف ترین اور مرکزی شاہراہ پر جہاں سیکڑوں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی میڈیا سے وابستہ صحافی موجود تھےجہاں یہ صورتحال درپیش ہوئی تو کیا کسی ایک صحافی نے بھی کسی گرتی لاش کی ویڈیو دیکھائی ہو، کسی نے وہاں سے لاش اٹھا کر لے جاتے ہوئے کوئی ویڈیو دیکھی؟ کوئی خون کا ایک دھبہ بھی اس شاہراہ پر دکھائی دیا؟ لاشوں کے حوالے سے جو بھی دعوے کئے جارہے ہیں ان کی تصدیق ہونی چاہئے کہ یہ بھگڈر سے مرے یا گولی لگنے سے مرے؟ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی جعلی ویڈیوز آ جاتی ہیں تو اس پر کیسے تصدیق ہو سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صحافی مطیع اللہ جان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس کی تائید نہیں کرسکتا ،یہ افسوسناک ہے ۔ اس حوالے سے وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تحریک فساد کے گدھ ایک اور ناکام بغاوت کے بعد فیک ویڈیو اور تصویریں کو سہارا لے رہے ہیں، یہ سب کرنا بھی بقول کچھ محب وطن پاکستانیو کے انکے بنیادی حقوق ہیں؟،اس جھوٹ اور پروپیگنڈے کے لئے انکو اسکی کھلی چھٹی ملنی چاہیے؟،ان سب کے لئے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز اور جھوٹے پروپگنڈے کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔