November 16, 2026

بیماری صبر و شکر سے گزاریں ۔ تحریر ضرار جگوال

IMG-20241121-WA0255

بیماری صبر و شکر سے گزاریں ۔

تحریر ضرار جگوال

میں گزشتہ 8 ماہ سے مظفرآباد ، ایبٹ آباد اور راولپنڈی کے کئی سرکاری و نجی ہسپتالوں کے حالات اپنی زندگی میں پہلی بار دیکھ رہا ہوں ، کیونکہ میری چھوٹی ہمشیرہ 8 ماہ سے ایک حساس بیماری میں مبتلا ہے ۔ میرا یہ 8 ماہ کا سفر مجھے اپنی زندگی میں گزارے گئے 8 سال سے بھی زائد کا عرصہ لگا ہے اس 8 ماہ کے سفر میں سخت دشواری والی راتوں سے لے کر صبح کی وہ خوبصورتی بھی دیکھی جب حال پوچھنے پر ہمشیرہ کا جواب ہوتا ہے الحمدللہ! مجھے بہت نعمتیں ملی ہیں۔ اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ وہ مجھے ان نعمتوں پر شکر کرنے کی توفیق دے۔ ہمشیرہ کا یہ حال پوچھنے پر یہ جواب اور اس کے چہرے پر مسکراہٹ پھیلی ہوئی ہوتی اور رب کی رضا جھلک رہی ہوتی ہے یہ جواب اور تسلی بخش مسکراہٹ اور رب کی رضا پر راضی رہنا ہر مریض اور مریض کی فیملی کے لیے ایک بڑا سہارا ہے ، بے شک دنیا دارالامتحان ہے،جس طرح ایمان سے محروم انسان کو ابتلاء وآزمائش میں مبتلا کیا جاتا ہے، اسی طرح صاحبِ ایمان کے لیے بھی ابتلاء وآزمائش مقدر ہوتی ہے، اسلام کا تصوریہ ہے کہ بیماری اور شفاءاللہ کی طرف سے ہوتی ہے، فرماں بردار اورنافرماں کی کوئی تخصیص نہیں ہے، حضرات انبیائے کرام ؑبھی بیمار ہوئے ہیں، سیدالمرسلین اورامام الانبیاء ﷺبھی متعدد مرتبہ بیماری میں مبتلا ہوئے، وصال کے موقع پر تقریباً چودہ دن بیمار رہے، بیماری مومن کے لیے امتحان و آزمائش ہے، دنیا میں آزمائشیں بخشش اور مغفرت کے لیے آتی ہیں، حقیقت میں بیماری ایک نعمت ہے، گناہوں کے لیے کفارہ اور رفع درجات کا سبب ہے، بیمار کو اللہ اور بندوں سے معافی تلافی اور حقوق کی ادائیگی کے لیے ایک موقع دیا جاتا ہے ۔ اور بیماری میں صبر کرنا برداشت کرنا بھی بہت خوبصورت انداز ہوتا ہے صبر کا اعلیٰ درجہ یہ ہے کہ اپنی مصیبت اور تکلیف کا کسی کے سامنے اظہار نہ کرے اور ایسے صابروں کے لیے حدیث میں مغفرت کا وعدہ کیا گیا ہے اور اللہ تعالیٰ نے ان کی بخشش کا ذمہ لیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان وعدوں پر یقین اور ان سے فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین میں جب بھی وارڈ میں باقی مریضوں کی عیادت کر کے باہر آتا ہوں تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ مجھ پر میرے رب کی بے شمار نعمتیں ہیں۔ مجھے اپنی اس شدید کوتاہی کے احساس نے بے تاب کر دیا ہوتا ہے جو میں نے ان نعمتوں کا شکر ادا کرنے میں کی تھی۔ ہسپتالوں میں سیکٹروں لوگ کئی تکلیفوں میں مبتلا ہیں اس کے باوجود سچی رضا کے ساتھ اپنے پروردگار کا شکر ادا کر رہے ہیں مجھے احساس ہوا کہ اپنے ایمان کو بڑھانے کے لئے مجھے مزید عبرت حاصل کرنا چاہئے۔ چنانچہ میں نے یہ طے کیا کہ میں مریضوں کی عیادت کے لئے ہسپتال کے دیگر شعبوں میں گھوموں گا تا کہ عبرت و نصیحت حاصل کر کے اپنے ایمان میں اضافہ کروں اور اپنے جذبۂ ہمدردی و غم خواری کو بڑھائوں۔ میں ایک مریض سے ملا، بیماری نے اسے نڈھال کردیا تھا۔میں نے پہلے تو مریض کی صحت یابی کے لئے دعا کی، پھر اس کے تیماردار سے پوچھا کہ مریض کو کیا بیماری درپیش ہے؟ اس نے بتایا کہ اس کی آنتوں میں بندش ہے۔ مریض چونکہ 50؍برس سے تجاوز کرچکا ہے نیز اسے ایسی بیماریاں بھی لاحق ہیں کہ آپریشن اس کے لئے خطرناک ہے۔ اس لئے ڈاکٹروں نے کوشش کی کہ آپریشن کے بغیر ہی وہ تندرست ہو جائے مگر بالآخر وہ آپریشن کرنے پر مجبور ہو گئے ۔میری ہمشیرہ کی عیادت کے لیے آے ہوے ایک دوست کے ساتھ میں ایک مریض کے پاس سے گزرا، اس کے دونوں ہاتھ اور پنڈلیاں شَل ہو چکی تھیں۔ وہ قضاے حاجت کے لئے واش روم جانا چاہتا تھا۔ اس نے اپنے خدمت گزاروں سے مدد طلب کی۔ سب نے اُسے اُٹھا کر کرسی پر رکھا، پھر اس کی بیوی اسے لے کر واش روم میں چلی گئی۔ میں نے اسے دیکھا تو اپنی اس کوتاہی پر نادم ہوا کہ جو میں نے اپنے پروردگار کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے میں کی۔ میں کافی دیر تک سوچتا رہا کہ اس آدمی کو ہر بار قضائے حاجت کے وقت، یا وضو و غسل کرنے کے لئے کس قدر زحمت اُٹھانا پڑتی ہے۔ پھر میں نے اس نعمت پر غور کیا جو ہاتھوں اور پنڈلیوں کی صورت میں مجھے میسر ہے۔ ہاتھ پائوں کی قدر و قیمت کا احساس اس وقت ہوتا ہے جب انسان ان سے محروم ہو جائے یا ان کے نہ ہونے کا تصور کرے۔ ہسپتال میں ایک ڈاکٹر صاحب میرے بہت اچھے دوست بنے ایک دن ہم اگھٹے چاے پینے باہر گئے اور باتوں باتوں میں انہوں نے مجھے بتایا کہ میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ایک مریض کے پاس پہنچا جو بہت زیادہ بوڑھا تھا۔ مریض کے چہرے پر نُور پھیلا ہوا تھا۔ اس کے دل کا آپریشن ہوا تھا۔ اس دوران خون بہنے کی وجہ سے دماغ کے کچھ حصوں میں خون رُک گیا تھا، لہٰذا مریض مکمل طور پر بے ہوش ہو گیا۔ اسے مصنوعی تنفس سے سانس دیا جا رہا تھا۔ مریض کے بیٹے سے میں نے پوچھا کہ اس کے والد کا پیشہ کیا تھا؟ اس نے بتایا کہ وہ ایک مسجد میں مؤذن تھے ۔ میں مریض کے نزدیک ہوا، اس کے ہاتھ اور سر کو حرکت دینے کی کوشش کی، اس سے بات کی مگر اس نے جواب نہ دیا۔ اس کے بیٹے نے اپنے باپ کو اہلِ خانہ کے حوالے سے خوش کن خبریں سنانا شروع کیں مگر اس کے والد نے حرکت نہ کی۔
اب بیٹا بولا: ابو مسجد آپ کی منتظر ہے۔ لوگ آپ کے بارے میں پوچھتے ہیں، وہ نمازوں کے لئے آپ کی اذان کی آواز سننے کے لئے بے تاب ہیں۔ اس مسجد میں اب کوئی شخص باقاعدہ اذان نہیں دیتا، بلکہ مسجد میں موجود کوئی بھی آدمی اذان دے دیتا ہے۔ یہ لوگ اذان دینے میں غلطیاں بھی کرتے ہیں۔ بیٹے نے جب مسجد اور اذان کا تذکرہ کیا تو اب اس کی سانس بہتر ہونے لگی۔ اس کے بعد بیٹے نے اپنے باپ کو کچھ ایسی خوش کن اطلاعات سنانا شروع کیں جن کا تعلق دنیوی معاملات سے تھا تو سانسوں کی رفتار کم ہونے لگی۔ اب اس نے ایک بار پھر مسجد اور اذان کا تذکرہ کیا تو مصنوعی تنفس کی مشین پر سانس کی رفتار بہتر ہوگئی۔ ڈاکٹر صاحب کہتے ہیں میں نے جب یہ دیکھا تو بڑے میاں کے کان کے قریب پہنچ کر میں نے اذان دی۔ اللّٰہ اکبر، اللّٰہ اکبر اشھد ان لا الٰہ الا اللّٰہ… میں نے اذان مکمل کی اور پھر یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اذان کے ساتھ ساتھ سانسوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر صاحب نے کہا یہ لوگ بیمار نہیں ہیں، بیمار تو ہم ہیں۔ ان لوگوں کے بارے میں تو رب العزت فرماتا ہے: ’’یہ لوگ ان گھروں میں پائے جاتے ہیں جنہیں بلند کرنے کا، اور جن میں اپنے نام کی یاد کا اللہ نے اذن دیا ہے۔ ان میں ایسے لوگ صبح و شام اس کی تسبیح کرتے ہیں جنہیں تجارت اور خرید و فروخت اللہ کی یاد سے اور اقامت ِ نماز و ادائے زکوٰۃ سے غافل نہیں کر دیتی۔ وہ اس دن سے ڈرتے رہتے ہیں جس میں دل اُلٹنے اور دیدے پتھرا جانے کی نوبت آ جائے گی، (اور وہ یہ سب کچھ اس لئے کرتے ہیں) تا کہ اللہ اُن کے بہترین اعمال کی جزا ان کو دے اور مزید اپنے فضل سے نوازے۔ اللہ جسے چاہتا ہے بے حساب دیتا ہے۔‘ میرے دوست ڈاکٹر صاحب نے بلکل درست کہا کہ واقعی ہم لوگ بیمار ہیں، حالانکہ ہمارے بدن تندرست ہیں۔ ہمارے دلوں کو علاج کی ضرورت ہے۔ہم لوگ جو ایک یا دوسری بیماری سے محفوظ ہیں، اپنے خالق، پروردگار اور رازق کی نعمتوں کے مزے اُڑا رہے ہیں، مگر ہمارا مرض یہ ہے کہ ہمیں ان نعمتوں کا شعور نہیں اور نہ ہم ان نعمتوں پر اپنے رب کا شکر ہی ادا کرتے ہیں جیسا کہ شکر ادا کرنے کا حق ہے، بلکہ افسوس کہ ہم اُلٹا ان نعمتوں کے عطا کرنے والے کی نافرمانی کرتے ہیں۔
کیا آپ کو یہ احساس نہیں کہ کل آپ کو اپنے پروردگار کے حضور کھڑا ہونا ہے۔ پھر وہ آپ سے ان نعمتوں کی بابت دریافت فرمائے گا اور آپ کی نافرمانی اور گناہوں میں بڑھتے چلے جانے کا سبب پوچھے گا۔ اے اپنے پروردگار کی نعمتوں کے مزے لوٹنے والے! تمہیں یہ خوف نہیں آتا کہ تمہارے گناہ تمہیں ہلاک کر دیں گے؟ کیا تم نے بھی کبھی نوحؑ، عاد ؑ، ثمود ؑ، لوطؑ اور شعیب ؑکی قوموں کے انجام کے بارے میں نہیں سوچا؟ کیا تم نے کبھی فرعون اور اس کی قوم کے انجام اور دیگر تباہ ہونے والوں کے انجام پر غور نہیں کیا؟ اپنے گناہوں کے بارے میں سوچو، پھر فیصلہ کرلو۔ دُوراندیشی کے ساتھ کہ تم گناہوں اور نافرمانیوں کو ترک کر دو گے۔ اپنے پروردگار کی فرماں برداری کرو گے اور اس کی نعمتوں پر اس کا شکر بجا لائو گے۔ آپ اس بارے میں اللہ کے نبیوں کی پیروی کیجئے کہ ان پر مصائب و آلام بھی سب سے بڑھ کر آئے۔ پھر بھی وہ سب سے بڑھ کر شکر گزار تھے۔ دیکھئے سیدنا ابراہیم ؑکس قدر شکر گزار تھے کہ اللہ تعالیٰ ان کی اس خوبی کی گواہی دیتا ہے: ’’واقعہ یہ ہے کہ ابراہیم ؑاپنی ذات سے ایک پوری اُمت تھا، اللہ کا مطیع فرمان اور یک سُو۔ وہ کبھی مشرک نہ تھا۔ اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے والا تھا۔ اللہ نے اس کو منتخب کر لیا اور سیدھا راستہ دکھایا۔‘‘ قارئین محترم و محترمہ اگر آپ یا آپکی فیملی عزیز میں سے کوئی بھی بیماری کی حالت میں مشکلات کی زندگی گزار کر اپنے رب کی رضا پر راضی ہے تو آپ بھی شکر ادا کیجئے اور اس کی حوصلہ افزائی کیجیے یہ ہسپتال صرف دیکھنے میں کنسٹرکشن میں اور ٹی وی یا اخبار کے اشتہارات تک خوبصورت ہوتے ہیں یہاں کے حالات بہت خوف ناک اور عبرت ناک ہیں بر حال ہر حال میں خوش رہیں اور صبر کریں اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم کے بہت سے مقامات پر یہ واضح فرما دیا ہے کہ اس کے بندوں میں سے شکر کرنے والے تھوڑے ہیں۔ لہٰذا ہمیں محتاط رہنا چاہئے کہ کہیں ہم بھی ناشکروں کی اکثریت میں شامل نہ ہو جائیں۔ بیماری کے دوران شکرو رضا کی نعمت خاص طور پر عظیم ہے۔ اس سے شکرگزار کو اطمینان، سکون اور نفسیاتی راحت نصیب ہوتی ہے، جس کا کوئی نعمت مقابلہ نہیں کر سکتی۔ اس سے جسم کو قوتِ مدافعت نصیب ہوتی ہے، جس سے مریض کی شفایابی میں مدد ملتی ہے۔ شکرگزاری کا سب سے بڑا پھل اللہ کی رضامندی ہے۔ اس سے انسان مطمئن زندگی گزارتا ہے اور آخرت میں اپنے پروردگار کی طرف سے اس شکر ورضا پر اجر و ثواب کا حق دار ٹھہرتا ہے۔