November 16, 2026

بہاولنگر(نامہ نگار) پی پی اے ایف کے مالی تعاون سےمعجز فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام32 دیہی تنظیموں کے منتظمین کی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد

20241112_182814

بہاولنگر(نامہ نگار) پی پی اے ایف کے مالی تعاون سےمعجز فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام32 دیہی تنظیموں کے منتظمین کی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد
پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے پروجیکٹ آر ایس ایس ایند سی آر کے تحت گاؤں کی تنظیموں کے ممبران کی تربیت برائے تنظیمی امور
ضلع بہاولنگر میں سیلاب سے متاثرہ یونین کونسلز مہتا جھیڈو اور شیلی غربی میں پی پی اے ایف کے مالی تعاون سے جاری پروجیکٹ ” سماجی سہولیات کی بحالی اور استعداد کار برائے موسمیاتی تغیرات کا پروجیکٹ” کے تحت معجز فاؤنڈیشن نے پچھلے ایک ہفتہ میں 32 محلہ/بستی کی کمیونٹی تنظیموں کے منتظمین کی تنظیمی صلاحیتوں کو بہتر بنائے کیلئے دو روزہ 3 تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا۔ تین تربیتی ورکشاپس میں سے ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد یونین کونسل شیلی غربی بستی ٹھنگی بلوچاں اور دو تربیتی ورکشاپس کا انعقاد یونین کونسل مہتا جھیڈو کے گاؤں جھیڈوآں اور دولہ اکوکا میں کیا گیا۔ ان تربیتی ورکشاپس میں بستی بہاول، بستی سیال، بستی جھیڈوآں، بستی آرا، بستی دولہ اکوکا، بستی تخوانہ، بستی چندرآنی، بستی ٹھنگی بلوچاں اور بستی ٹھنگی اگر پور سے بستی و محلہ کی سطح پر بنائی گئی تنظیموں کے انتظامی عہدےداران صدر، سیکٹری / منیجرز نے شرکت کی۔ معجز فاؤنڈیشن کے پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ملک رضوان ریحان نے بتایا کہ دریا ستلج کے قریب گاؤں و محلہ کی سطح پر بنائی گئی تنظیموں کا مقصد باہمی ترقی کو فروغ دینا ہے اور گاؤں کی سطح پر اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو ترقیاتی کام کرنے کے قابل بنا نا ہے۔ پچھلے ایک ہفتہ میں مختلف گاؤں سے تعلق رکھنے والے تنظیمی منتظمین نے معجز فاؤنڈیشن کے تربیتی سیشنز میں شرکت کی جس میں مختلف موضوعات پر تربیت کے زریعے گاؤں کے لوگوں کوانتظامی امور کو سمجھنے اور مستقبل کی ترقیاتی منصوبہ بندی کو بنانے کی تربیت دی گئی۔ تربیت کے موضوعات میں غربت اور ترقی کا تصور، تنظیم سازی کے مراحل، تنظیم کے مقاصد اور ممبران کی زمہ داریاں ، تنظیم کا ریکارڈ، ترقی کے عمل میں خواتین کا کردار، بچت برائے گاؤں کی ترقی کا تصور، محلہ/گاؤں/یونین کونسل کی ترقیاتی تنظموں کا ڈھانچہ، گاؤں کا ترقیاتی منصوبہ، کمیونٹی انفراسٹکچر سکیم کی تکمیل کے مراحل و گاؤں کی تنظیم کی زمہ داریاں وغیرہ شامل تھے۔ گاؤں کے لوگوں کا کہنا تھا کہ ان کے گاؤں میں پہلی بار معجز فاؤنڈیشن نے تنظیمی و باہمی ترقی کے شعور پر آگاہی دی ہے جس کے نتیجہ میں ہم نے اپنی تنظیموں کی بنیاد رکھی جو کہ محلہ / بستی و گاؤں کی سطح پر موجود ہیں۔ گاؤں کے لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار معجز فاؤنڈیشن کی تربیتی ورکشاپ میں شرکت کی ہے اور تنظیم کو بنانے سے تنظیم کے ترقی کے سفر تک کے تمام مراحل کو بہت اچھے انداز سے سیکھا ہے اور ہم اپنی مدد آپ کے تحت آنے والے دنوں میں اپنے اپنے گاؤں میں چھوٹے چھوٹے منصوبے کریں گے جن کا مقصد ایسے گاؤں بنانا ہوگا جہاں ہر شخص خوشحال ہو اور ہر طرح کی بنیادی سہولیات ہر شخص کے لئے میسر ہوں ۔ ہم اپنے بچوں کو اعلی تعلیم کیلئے سکول ، کالج و یونیورسٹیوں میں بھیجیں گے اپنے گھروں اور گلیوں کو صاف رکھنے کے منصوبے کریں گے اور آگاہی مہم چلائیں گے ، بچوں کو صحت مند رکھنے کیلئے کھلے تالابوں اور کوڑے کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کا بندوبست کریں گے اور اپنے گاؤں کی تعمیر و ترقی کیلئے دوسرے حکومتی و غیر حکومتی اداروں سے رابطہ کاری کریں گے تاکہ ہمارے لوگوں کو بنیادی حقوق مل سکیں اور لوگ اپنے وسائل کو استعال کرتے ہوئے اپنے اپنے مسائل دیگر ادارں کے ساتھ مل کر حل کر سکیں ۔ اس طرح کی کامیاب تربیتی ورکشاپس کرانے پر ہم معجز فاؤنڈیشن اور پی پی اے ایف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ہمارے سیلاب سے متاثرہ گاؤں کو دوبارہ ترقی کے سفر میں شامل ہونے کا قا بل بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں ۔