درحقیقت خالد نجیب خان khalednajeebkhangmail.com کمیشن کی موجودگی میں سموگ ختم نہیں ہوسکتی
درحقیقت
خالد نجیب خان
khalednajeebkhangmail.com
کمیشن کی موجودگی میں سموگ ختم نہیں ہوسکتی
سموگ نے جس طرح پورے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے کر پوری قوم کو بیمار کردیا ہے بڑی خطرناک بات ہے۔ چند سال پہلے جب پوری دنیا پرکووڈ کا حملہ ہوا توبہت سے لوگوں کا کہنا تھا کہ کہاں ہےیہ بیماری، ہمیں تو کچھ نظر نہیں آرہا ، یہ تو محض پراپیگنڈا ہے جبکہ سموگ کا جہاں تک معاملہ ہے یہ ایک ایسا مسئلہ یا بیماری ہے کہ سب کو ہی نظر آرہی ہے بلکہ اس کے ہوتے ہوئے اور کچھ نظر نہیں آرہا۔سموگ یوں توہر صنعتی ملک یا معاشرے میں وجود رکھتی ہے مگر آج کئی ایسے صنعتی ملک بھی موجود ہیں جہاں کبھی سموگ ہوا کرتی تھی مگر اُنہوں نے اپنی کوششوں سے اس کو ختم کردیا۔ کئی سال پہلے جب پاکستان میں بہت زیادہ گاڑیاں نہیں تھیں اور کمرشل بنک لوگوں کو پکڑ پکڑ کر اور فون کر کر کے اُدھار پر گاڑیاں خریدنے کی دعوت نہیں دیتے تھے توسخت سردی اور دھند کے چند دن کے استثنیٰ کے ساتھ یہاں بھی سموگ نہیں تھی اورسورج بلا ناغہ اپنا مکھڑا دکھایا کرتا تھا ۔سموگ کا کھرا نکالنے والوں کا کہنا ہے کہ سموگ کا آغازگزشتہ صدی میں پچاس کی دھائی میں لندن سے ہوا تھا۔یہ وہ وقت تھا جب لندن میں صنعتی انقلاب آچکا تھا اور ہر کام مشین پر ہی ہوتا تھا۔ مشینیں بھی کوئلے یا ڈیزل سے چلتی تھیں ،مشینوں کے چلنے سے ہونے والے مضر اثرات کا کسی کو علم ہی نہیں تھا،اِس لئے ایسا ہو گیا ۔لندن کے عوام 5 دسمبر 1952ءکی صبح اُٹھے توشہر گہرے سیاہ دھوئیں میں ڈوب چکا تھا‘ ہاتھ کو ہاتھ سجائی نہیں دے رہا تھا‘ حد نظر صفر ہو چکی تھی۔لوگ اِسے دھند خیال کررہے تھے مگر بعد میں معلوم ہوا کہ یہ دھند نہیں دھواں اور دھند آپس میں مل جل کریہ صورتحال پیدا کررہے ہیں۔
دھواں اور دھند کا یہ ملغوبہ اگلے دن چار ہزار لوگوں کی جان لے گیا۔ لوگ کھانس کھانس کر دم توڑ رہے تھے ۔ شہر کی سماجی زندگی رُک گئی‘ ٹریفک بند ہو گئی‘ ٹرینیں معطل ہو گئیں‘ فلائیٹس منسوخ ہو گئیں‘ دفتروں اور سکولوں میں چھٹی ہو گئی‘ شاپنگ سنٹرز بند ہو گئے اور لوگوں نے گھروں سے باہر نکلنا ترک کر دیا۔شہر میں سناٹا چھا گیاتھا جو تھوڑے تھوڑے وقفے سے ایمبولینس کے سائرن کی آوازسے ٹوٹ جاتا۔یہ صورتحال پانچ دن تک جاری رہی ۔خدا خدا کرکے دسمبر کی بارش شروع ہوئی اور فضا آہستہ آہستہ دُھل گئی لیکن اموات کا سلسلہ جاری رہا۔
تاریخ گواہ ہے کہ ‘ دسمبر کے آخر تک لندن میں بارہ ہزار افراد جان بحق ہوگئے تھے، زندہ رہنے والوں میں سے کم و بیش ڈیڑھ لاکھ افراد دمہ‘ آشوب چشم‘ ٹی بی اور نروس بریک ڈاؤن کا شکار تھے۔ ماحولیات کے ماہرین نے تحقیقات شروع کیں تو پتہ چلا کہ 5 سے 9 دسمبر کے دوران لندن کی فضا میں روزانہ ہزاروں ٹن سموک پارٹیکلز پیدا ہوتے رہے۔ اِن میں 140 ٹن ہائیڈرو کلورک ایسڈ‘ 14 ٹن فلورین کمپاؤنڈ اور 370 ٹن سلفر ڈائی آکسائیڈ شامل ہوتی تھی‘ یہ تمام مادے صحت کےلئے انتہائی مضر تھے۔ ماہرین نے سوال اُٹھایا کہ یہ تمام مضرِ صحت پارٹیکلز اِس ماحول میں کہاں سے آئے ؟معلوم ہوا کہ یہ ساڑھے سات سو سال کی غلطیوں کا دھواں ہے۔گزشتہ ساڑھے سات سو برس میں لندن کی آبادی میں دس گناہ اضافہ ہو گیا‘ جنگل کٹ گئے‘ ندیاں اور جھیلیں ختم ہوگئیں‘ گاؤں دیہات شہر میں آ گئے‘ صنعتی انقلاب آیا‘ شہر میں ہزاروں فیکٹریاں لگ گئیں‘ بجلی ایجاد ہوئی‘ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ لگ گئے‘ گاڑیاں آئیں‘ تعمیرات شروع ہوئیں‘ دوسری جنگ عظیم نے بھی دھواں اُڑایا اور آخر میں لوگ بھی آلودگی پھیلانے لگے، شہر کی فضا آلودہ ہوتی چلی گئی‘ ہوا میں آکسیجن کم ہو گئی۔ یہ سلسلہ چلتے چلتے 1952ءتک پہنچ گیا۔ سردی شروع ہوئی‘ لوگوں نے اپنی انگیٹھیوں میں کوئلہ جلایا‘لاکھوں ٹن دھواں پیدا ہوا‘ یہ دھواں ساڑھے سات سو سال کی آلودگیوں میں ”مکس اپ“ ہوا‘ دسمبر کی دھند میں ملا اور گہری‘ دبیز اور سیاہ گیس میں تبدیل ہو گیا اور یہ گیس پانچ دن شہر کے اندر گھومتی پھرتی رہی۔ ماہرین نے اِس دھند کو سموک اور فوگ دو لفظ ملا کر ”سموگ“ کا نام دے دیا اور لندن کے اِس ”سانحے کو گریٹ سموگ آف لندن“ قرار دے دیا۔
لندن میں مسئلہ سامنے آنے کے چند دن بعد ہی اُس کی ماہیت کا اندازہ ہو گیا ۔اب اِس مسئلہ کا دیرپا حل تلاش کرنا تھا ۔اِس مسئلہ کا حل تلاش کرنے کی ذمّہ داری کنزرویٹو پارٹی کے ایم پی سر گیرالڈ ڈیوڈ نے لی۔وہ چار سال تک ماہرین کے ساتھ مل کرمنصوبہ بندی کرتے رہے ،یہاں تک کہ 1956ءمیں ”کلین ائیر ایکٹ“ بنا لیا‘ یہ ایکٹ ہاؤس آف کامنز میں پیش ہوا اور ایوان نے 5 جولائی 1956ءکو اس کی منظوری دے دی۔ یہ ایکٹ چھ بنیادی اصلاحات پر مشتمل تھا۔حکومت نے شہر کے اندر کوئلے کے استعمال پر پابندی لگا دی‘ عوام کو ”فائر پلیس“ کےلئے متبادل ذرائع فراہم کرنے کا اعلان کر دیا گیا‘ حکومت نے ایک سال میں یہ ذرائع فراہم کر دیئے‘ ماڈرن ہیٹنگ سسٹم اسی ایکٹ کی پیداوار تھا‘ سردیوں میں بجلی بھی سستی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ لوگ بجلی کے ذریعے گھر گرم کر لیں‘ حکومت نے شہر کے اندر فیکٹریاں بند کر دیں‘ مالکان کو شہر سے دور مفت جگہ بھی فراہم کی گئی‘ ٹیکس میں گنجائش بھی اور فیکٹریاں شفٹ کرنے کےلئے قرضے بھی دیئے گئے‘بجلی کے تمام پلانٹس دو برسوں میں لندن سے دور جنگلوں میں منتقل کر دیئے گئے‘ لندن اور لندن کے اطراف میں درخت کاٹنا‘ زرعی زمینوں کے سٹیٹس میں تبدیلی اور گرین ایریاز کے خاتمے پر پابندی لگا دی گئی۔ ملکہ تک کو درخت کاٹنے سے قبل تحریری اجازت کا پابند بنا دیا گیا اور پبلک ٹرانسپورٹ میں اضافے‘ پرائیویٹ گاڑیوں کی حوصلہ شکنی اور پٹرول کے معیار کو بلند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہاؤس آف کامنز نے ان اصلاحات کی منظوری دی‘حکومت نے کام شروع کیا اور ایکٹ کی منظوری کے صرف چار سال بعد 1960ءمیں لندن کی فضا مکمل طور پر ”سموگ فری“ ہو گئی۔
یہ حقیقت ہے کہ گزشتہ ساٹھ سال سے لندن کیا پورا ترقی یافتہ یورپ ہی سموگ جیسی برائی سے محفوظ ہوچکا ہے مگر پاکستان اور پاکستان جیسے کئی دوسرے ترقی پزیر ممالک اِس قدر زیادہ معلومات ہونے کے باوجودسموگ کی وجہ سے پریشان ہیں ۔پاکستان کے عوام کو سموگ سے آشنائی تقریباًدو دہائی قبل ہوئی تھی جب الیکٹرانک اور سوشل میڈیا تک عوام کی رسائی ہوئی۔ الیکٹرانک میڈیا سے ہی لوگوں کو معلوم ہوا کہ فضائی آلودگی کے حوالے سے دنیا کانمبر 1 شہر چین کا بیجنگ ہے ، بھارتی دارالحکومت دہلی دوسرے یا تیسرے نمبر پر تھا۔ پاکستان کا شہر کراچی بھی آلودہ شہروں میں شمار ہوتا تھا مگر اُس کا درجہ قدرے نیچے تھا جبکہ لاہور کا تو کہیں نام و نشان ہی نہیں تھا جو آج کل فضائی آلودگی میں سر فہرست ہے۔اسلام آباد ،کراچی،پشاور،ملتان جیسے شہر آلودہ شہروں میں شمار ہورہے ہیں تو اِس کی سمجھ آتی ہے مگر پنجاب کے دوردراز کے شہر روجھان کو بھی دنیا کا آلودہ ترین شہر ہونے کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔
عوام سوال کرتے ہیں کہ ہمارے حکمران پاکستان میںحکومت سنبھالنے سے پہلے اور حکومت کرنے کے فوراًبعد لندن پہنچ جاتے ہیں مگر اُنہیں کبھی بھی یہ خیال نہیں آیا کہ جن خطوط پر چل کر لندن کو سنوارا گیا پاکستان کے شہروں کو کیوں نہیں سنوارا جاسکتا۔ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ یورپ میں جو ٹیکنالوجی متروک ہو جاتی یا اُس پر مضر صحت ہونے کی وجہ سے پابندی لگا دی جاتی ہے اُس کو پاکستانی عوام کے لئے منگوا کر دونوں طرف سے فائدہ اُٹھایا جاتا ہے۔
دنیا بھر میں اِس وقت کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس نہیں لگائے جارہے بلکہ جو چل رہے ہیں اُنہیں بھی بتدریج بند کیا جارہا ہے مگر پاکستان وہ ملک ہے جہاں کوئلے سے چلنے والا پلانٹ بھی لگایا گیا اوراُس میں جلانے کے لئے کوئلہ بھی درآمد کیا جاتا ہے، حالانکہ اِس سے قبل پاکستان میں پیدا ہونے والے کوئلے سے پلانٹ لگانے کے منصوبے کو صرف اس لئے ختم کردیاگیا تھا کہ یہ ماحول دوست نہیں۔
دنیا بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کو پروموٹ کیا جا رہا ہے جبکہ ہمارے ہاںآج بھی پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی وہ گاڑیاں درآمد کی جارہی ہیں جن کو اُن ممالک میں چلانا ممنوع ہے۔ یہی حال بہت سی صنعتوں کا ہے کہ کئی ترقی یافتہ ممالک میں کچھ صنعتیں لگانے پر پابندی ہے مگر پاکستان میں وہ صنعتیں نا صرف کام کررہی ہیں بلکہ اپنی مصنوعات برآمد بھی کررہی ہیں۔
دنیا بھر میں شہروں کے پھیلاو ٔ کو روکا جا رہا ہے اور نئے شہر آباد کئے جارہے ہیں لوگوں کو اُن کے گھروں کے پاس روزگار فراہم کرنے کے پالیسی اپنائی جارہی ہے مگر ہمارے ہاں آج بھی لوگ چند ہزار روپے ماہوار کمانے کے لئے بیس بیس کلومیٹر کا سفر کرکے جاتے ہیں ۔
سموگ کا مسئلہ برطانیہ نے صرف چار سال میں اُس وقت حل کرلیاتھا،جب اس کی کوئی مثال موجود نہیں تھی ۔اب جبکہ مثال اور حل سب کچھ موجود ہے تو مسئلے کا حل تو مسئلہ پیدا ہونے سے پہلے ہی ؕحل ہوجانا چاہئے تھا،ڈیڈ لائن آنے کا انتظار ہی نہیں کرنا چاہئے ۔ مصنوی بارش جتنی بھی کرلیں سموگ کا مسئلہ ختم نہیں کیا جاسکتا۔اِس کے لئے بڑی بڑی شاہراوں اور موٹر ویز کو شجر کاری کرکے ناصرف خوبصورت بنایا جائے بلکہ اُنہیں ماحول دوست بھی بنایا جائے۔ اجتماعی توبہ کرکے نمازاستسقاء ادا کی جائے تاکہ رحمت کی بارش ہو اور ماحول صاف ستھرا ہوجائے۔
پاکستان میں سموگ پر قابو پانے کے لئے جو جتن کئے جارہے ہیں اُسے ہم بندر کی بھاگ دوڑ کہیں تو غلط نہیں ہو گا ۔سکول بند کردینا، ورک فرام ہوم،ماسک پہنا دینا ،مصنوعی بارش کرادینا یہ مسئلے کا حل توہرگز نہیں ہے۔تاہم اِن تدابیر سے کچھ دیر کے لئے آرام ضرورمل سکتا ہے۔ سموگ کے خاتمے کے لئے حکمران اپنی پالیساں ایسی ماحول دوست بنائیں کہ اگر کسی ایک طرف سے بھی کمیشن نہ ملے تو پھر بھی اُس پر عمل درآمد ہو جائے بیرون ملک سے قیمتی زر مبادلہ کے عوض کچرا اور بےکار مصنوعات درآمدنہ کی جائیں کیونکہ یہ کمیشن اور کک بیکس تو اسی دنیا میں رہ جانے ہیں مگر لوگوں کے ساتھ کی ہوئی زیادتیوں کے عوض ملنے والی بددعائیںتو آگے تک جانی ہیں ۔
####