بیسٹ پاک کی جانب سے عالمی ادارہ خوراک کے تعاون سے واک اور سیمینار کا انعقاد،
سیمینار سے قبل ماحولیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے حوالے ریسکیو15 سے جی پی او چوک تک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا،
ڈیرہ اسماعیل خان(نثار بیٹنی سے) اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فصیح اسحاق عباسی نے کہاہے کہ عالمی ادارہ خوراک کے تعاون سے بیسٹ پاک آرگنائزیشن کی طرف سے ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام احسن اقدام ہے، ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے آنیوالے چیلنجز کا مقابلہ انتظامیہ ، فلاحی تنظیموں ، سول سوسائٹی اور میڈیا کیساتھ ملکر کیا جاسکتاہے، سیلاب سے بچائو کے حوالے سے بروقت اقدامات کرنے کی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں بیسٹ پاک آرگنائزیشن کی جانب سے منعقدہ ”قدرتی آفات اور ماحولیاتی تبدیلی”کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں مہمان خصوصی کی حیثیت میں کیا، سیمینار کا انعقاد عالمی ادارہ خوراک کے تعاون سے کیا گیا، سیمینار سے اسسٹنٹ پروفیسر سنٹر فار ڈیزاسٹر پرپیئرڈنیس اینڈ منیجمنٹ یونیورسٹی آف پشاور ڈاکٹر مشتاق احمد جان اور بیسٹ پاک کے پراجیکٹ منیجر نظام الدین نے بھی خطاب کیا، سیمینار میں سول ڈیفنس، اسلامک ریلیف، پاکستان ریڈ کریسنٹ ، میڈیا، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور مقامی کمیونٹی کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی جن میں ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کےامجد پرویز، اسلامک ریلیف علی محمد مروت، ثاقب وزیر، روح اللہ، عالمگیر خان، کبیر حسین اور دیگر شامل تھے، اس موقع پر ماحولیاتی تبدیلی کے باعث آنیوالے موسمیاتی حالات سے بھی آگاہی فراہم کی گئی ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فصیح اسحاق عباسی نے کہاکہ انفرادی و اجتماعی سطح پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں ، اس سے ناصرف علاقہ خوبصورت ہوگا، بلکہ قدرتی آفات سے بھی بچا جاسکے گا، انہوں نے اس موقع پر شرکاء سے کہاکہ کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں انتظامیہ نے تمام تر انتظامات مکمل کر رکھے ہیں اور اگر بہتری کے حوالے سے کوئی بھی شہری ہمیں اپنی بہتر تجاویز دینا چاہے تو ہم اس کا خیر مقدم کرینگے، آخر میں شرکاء میں تعریفی اسناد اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں ، قبل ازیں ریسکیو15سے جی پی او چوک تک ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے بیسٹ پاک آرگنائزیشن کی جانب سے واک کا اہتمام بھی کیا گیا، اس موقع پر شرکاء نے کثیر تعداد میں واک میں شرکت کی ۔