بچوں کا عالمی دن جوئےلینڈ فیملی پارک میں صحافیوں کی فیملی کے لیے فن فیئر کا انعقاد پشاور (سید گوہر شاہ )
بچوں کا عالمی دن
جوئےلینڈ فیملی پارک میں صحافیوں کی فیملی کے لیے فن فیئر کا انعقاد
پشاور (سید گوہر شاہ )
پشاور پریس کلب اور یونیسف کے اشتراک سے چاچا یونس پارک پشاور کے جوائے لینڈ میں گرینڈ فیملی فن فیئر کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحافیوں، ان کے اہل خانہ اور بچوں سمیت تقریباً دو ہزار افراد نے شرکت کی۔
بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ اس فیملی فن فیئر میں بچوں کے لیے میجک شو، فیس پینٹنگ، مضمون نویسی اور خط نویسی کے مقابلوں سمیت مختلف تفریحی اور تخلیقی سرگرمیوں, تحائف اور ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جبکہ بچوں نے خاکے بھی پیش کئے۔ صحافیوں، ان کے اہل خانہ اور بچوں نے جوائے لینڈ کے مختلف جھولوں اور تفریحی سرگرمیوں سے بھرپور لطف اٹھایا۔
تقریب سے یونیسف خیبرپختونخوا فیلڈ آفس کے چیف راڈوسلا رازک، پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض اور جنرل سیکرٹری عالمگیر خان نے خطاب کیا، جبکہ سینئر صحافی شمیم شاہد, پریس کلب کی ٹور کمیٹی کے چیئرمین سیف الاسلام سیفی اور یونیسیف کی میڈیا کنسلٹنٹ فصیحہ شریف کی سربراہی انتظامی کمیٹی نے گرینڈ فیملی فن فیئر کے انتظامات کی نگرانی کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیسف کے خیبرپختونخوا کے چیف راڈوسلا رازک نے فیملی فن فیئر کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور بچوں کے لیے سازگار، محفوظ اور خوشگوار ماحول کی فراہمی کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے بچوں کی تعلیم، تفریح، تخلیقی اظہار اور فلاح و بہبود کے لئے یونیسیف کی کاوشوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ ان مقاصد کے حصول کے لئے میڈیا سمیت معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کوششیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔
پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیسف کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی خوشی، تعلیم، صحت، تحفظ اور بہتر مستقبل معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور پریس کلب صحافیوں کی پیشہ ورانہ اور فلاحی ضروریات کے ساتھ ساتھ ان کے خاندانوں اور بچوں کے لیے مثبت، تعمیری اور تفریحی سرگرمیوں کے انعقاد کو بھی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے اس فیملی فن فیئر کا انعقاد بچوں کو خوشیاں فراہم کرنے، ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور والدین و بچوں کو ایک ساتھ خوشگوار وقت گزارنے کا موقع دینے کی کوشش ہے۔
پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عالمگیر خان نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں صحافیوں اور ان کے خاندانوں کے درمیان روابط، باہمی ہم آہنگی اور خاندانی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے فیملی فن فیئر کے کامیاب انعقاد پر چاچا یونس فیملی پارک کے سی ای او اسماعیل خان، یونیسیف، پریس کلب کی ٹؤر کمیٹی، ایونٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی اور تمام معاونین کی کاوشوں کو سراہا۔
پشاور پریس کلب اور یونیسف کے اشتراک سے منعقدہ یہ گرینڈ فیملی فن فیئر بچوں اور صحافیوں کے خاندانوں کے لیے ایک یادگار تفریحی سرگرمی ثابت ہوا، جس میں بچوں کو تفریح، تخلیقی اظہار اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے خوشیاں فراہم کرنے کے ساتھ بچوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔