ہیٹی میں غذائی بحران سنگین، 63 لاکھ افراد بھوک کا شکار انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین رانا بشارت علی خان کا عالمی برادری سے فوری امداد کا مطالبہ
ہیٹی میں غذائی بحران سنگین، 63 لاکھ افراد بھوک کا شکار
انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین رانا بشارت علی خان کا عالمی برادری سے فوری امداد کا مطالبہ
عمرکوٹ رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹرایم لال واگھانی
ہیٹی میں بھوک اور غذائی قلت کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں 63 لاکھ 50 ہزار افراد کو شدید غذائی عدم تحفظ کا سامنا ہے، جبکہ تقریباً 20 لاکھ افراد کو ہنگامی سطح پر بھوک کا خطرہ لاحق ہے۔
مسلح گروہوں کے بڑھتے ہوئے تشدد، خشک سالی اور لاکھوں افراد کی بے گھری نے پہلے سے مشکلات کا شکار آبادی کی زندگی مزید اجیرن بنا دی ہے۔
انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین رانا بشارت علی خان نے ہیٹی کی بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری، مؤثر اور مربوط انسانی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق
رانا بشارت علی خان کا کہنا ہے کہ ہیٹی میں لاکھوں افراد کو درپیش غذائی بحران محض خوراک کی کمی یا معاشی مسائل کا معاملہ نہیں، بلکہ انسانی زندگی، وقار اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کا سنگین مسئلہ ہے۔
ان کے مطابق ہیٹی کی تقریباً 57 فیصد آبادی شدید غذائی عدم تحفظ کا سامنا کر سکتی ہے، جبکہ مسلح تشدد کے باعث 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ خشک سالی نے بھی متاثرہ علاقوں میں مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
غذائی قلت کے باعث بچوں، خواتین، بزرگوں اور بے گھر خاندانوں کو بھوک، بیماری اور عدم تحفظ کے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پانچ سال سے کم عمر تقریباً دو لاکھ 54 ہزار بچے غذائی قلت کے خطرے سے دوچار ہیں، جن میں سے تقریباً 94 ہزار بچوں کو شدید غذائی قلت کا سامنا ہو سکتا ہے۔
رانا بشارت علی خان نے کہا کہ بھوک کے باعث انسانی جانوں کا ضیاع کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ خوراک تک رسائی ہر انسان کا بنیادی حق ہے، اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ متاثرہ آبادی کو تنہا نہ چھوڑے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہیٹی کے متاثرہ علاقوں میں خوراک، صاف پانی، ادویات اور طبی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ امدادی کارروائیوں کے لیے محفوظ راستے فراہم کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلح گروہوں کو شہری آبادی کو نشانہ بنانے، زرعی زمینوں پر قبضہ کرنے اور انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
رانا بشارت علی خان نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات اور ذمہ دار عناصر کے احتساب کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو محض تشویش کے اظہار تک محدود رہنے کے بجائے فوری مالی وسائل، ہنگامی غذائی امداد، طبی سہولیات اور بے گھر خاندانوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ انسانی امداد میں کسی بھی قسم کی کمی لاکھوں کمزور اور متاثرہ افراد کو مزید خطرات سے دوچار کر سکتی ہے۔
انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین نے واضح کیا کہ بھوک کو انسانی زندگی کا معمول نہیں سمجھا جا سکتا۔ ہیٹی کے عوام کو بھوک، تشدد اور بے گھری سے بچانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی انسانی ذمہ داریاں پوری کرے اور ہیٹی کے متاثرہ عوام کو خوراک، تحفظ اور باوقار زندگی کی فراہمی یقینی بنائے۔