November 20, 2026

شریف اکیڈمی جرمنی: علم و ادب کے فروغ اور اردو زبان کی بقا کے لیے ایک روشن تحریک خصوصی تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف

IMG-20261120-WA0139

شریف اکیڈمی جرمنی: علم و ادب کے فروغ اور اردو زبان کی بقا کے لیے ایک روشن تحریک

خصوصی تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف

دنیا بھر میں بسنے والی قوموں کی پہچان صرف ان کی معاشی ترقی، سیاسی قوت یا سائنسی کامیابیوں سے نہیں ہوتی بلکہ ان کی تہذیب، ثقافت، زبان، ادب اور علمی ورثہ بھی ان کی شناخت کا اہم ذریعہ ہوتے ہیں۔ جو قومیں اپنی زبان اور ادبی روایات سے جڑی رہتی ہیں، وہ دنیا کے کسی بھی خطے میں آباد ہوں، اپنی تہذیبی شناخت کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہتی ہیں۔ اسی تناظر میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کے درمیان اردو زبان و ادب، قومی ثقافت اور علمی شعور کے فروغ کے لیے شریف اکیڈمی جرمنی کی خدمات خصوصی اہمیت رکھتی ہیں۔
حال ہی میں شریف اکیڈمی جرمنی کے ایک وفد کی پاکستان کے قونصل خانے، فرینکفرٹ میں نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل علی انصر زیدی سے ملاقات اسی سلسلے کی ایک قابلِ تحسین اور خوش آئند پیش رفت ہے۔ اس ملاقات میں شریف اکیڈمی جرمنی کے چیف ایگزیکٹو شفیق مراد کے ہمراہ ایگزیکٹو ممبران اسداللہ طارق، عائشہ طارق، صائمہ احسن، احسن راہی، سنابل افضل، جویریہ صہیب اور شاہد مقبول نے شرکت کی۔ یہ ملاقات محض ایک رسمی تعارفی نشست نہیں تھی بلکہ اس میں اردو زبان و ادب کے مستقبل، نئی نسل کی ادبی تربیت، پاکستانی ثقافت کے فروغ اور بیرونِ ملک علمی و ادبی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے جیسے اہم موضوعات زیرِ بحث آئے۔
شفیق مراد نے وفد کے اراکین کا تعارف کرواتے ہوئے شریف اکیڈمی کی علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے جرمنی، جنوبی ایشیا، کینیڈا، فرانس اور میانوالی میں قائم اکیڈمی کے مختلف شعبوں اور برانچوں کی کارکردگی سے قونصل جنرل کو آگاہ کیا۔ بلاشبہ کسی ادبی ادارے کا مختلف ممالک اور خطوں میں اپنے علمی و ادبی نیٹ ورک کو وسعت دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ زبان و ادب کی خدمت سرحدوں اور جغرافیائی حدود کی پابند نہیں ہوتی۔ خلوصِ نیت، مسلسل جدوجہد اور اجتماعی جذبہ ہو تو ادب کا چراغ دنیا کے کسی بھی کونے میں روشن کیا جا سکتا ہے۔
اس ملاقات کا ایک اہم پہلو جرمنی میں مقیم پاکستانی نسلِ نو کو اردو زبان و ادب سے جوڑنے کا معاملہ تھا۔ صائمہ احسن نے اس حوالے سے نہایت اہم خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل میں اردو کے مطالعے، ادبی ذوق اور زبان سے وابستگی کو فروغ دینے کے لیے ایک مؤثر اور عملی لائحہ عمل تشکیل دیا جانا چاہیے۔ یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ بیرونِ ملک پیدا ہونے اور پرورش پانے والے پاکستانی بچوں اور نوجوانوں کے لیے اپنی مادری زبان سے مضبوط تعلق برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ ایسے میں ادبی نشستیں، مشاعرے، اردو تقریبات، تحریری مقابلے اور مطالعاتی سرگرمیاں نئی نسل کو اپنی زبان اور ثقافت سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
میری نظر میں اس معاملے میں پاکستانی سفارتی اداروں کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔ سفارت خانے اور قونصل خانے صرف انتظامی اور سفارتی روابط کے مراکز نہیں بلکہ بیرونِ ملک پاکستان کی تہذیب، ثقافت، زبان اور ادبی شناخت کے نمائندہ ادارے بھی ہیں۔ اگر ان اداروں کی سرپرستی میں باقاعدگی سے ادبی تقریبات، مشاعرے، کتابوں کی رونمائی، علمی مذاکرے اور ادبی شخصیات کے اعزاز میں خصوصی پروگرام منعقد کیے جائیں تو اس سے نہ صرف اردو زبان کی ترویج ممکن ہو گی بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اہلِ قلم کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
شفیق مراد کی جانب سے جرمنی میں مقیم اردو شعرا، ادیبوں، دانشوروں اور اہلِ قلم کی خدمات کے اعتراف میں سفارتی سطح پر تقریبات منعقد کرنے اور انہیں ایوارڈز و توصیفی اسناد سے نوازنے کی تجویز بھی قابلِ توجہ ہے۔ معاشروں میں علمی و ادبی شخصیات کی پذیرائی دراصل علم، تحقیق، تخلیق اور مثبت سوچ کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ جب کسی لکھنے والے کی برسوں کی ادبی محنت کو سرکاری اور سفارتی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے تو اس سے نہ صرف اس کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ نوجوان لکھنے والوں کو بھی آگے بڑھنے کا جذبہ ملتا ہے۔ یہ عمل زبان و ادب کے تسلسل اور تہذیبی ورثے کی حفاظت میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
شریف اکیڈمی کے چیف ایگزیکٹو شفیق مراد کا یہ کہنا بجا ہے کہ شریف اکیڈمی محض ایک علمی و ادبی تنظیم نہیں بلکہ ایک تحریک ہے۔ ایسی تحریک جو شعور و آگہی کے فروغ، علم کی روشنی پھیلانے اور گھروں میں مثبت فکری و ادبی سرگرمیوں کو زندہ رکھنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ کسی بھی ادبی ادارے کی اصل کامیابی اس کے نام، عہدوں یا تقریبات کی تعداد سے نہیں بلکہ اس کے عملی کردار، فکری اثرات اور معاشرے میں پیدا ہونے والی مثبت تبدیلی سے جانچی جاتی ہے۔ اس اعتبار سے اپنے ممبران کو متحرک رکھنا، انہیں علمی و ادبی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دینا اور مختلف ممالک میں اردو زبان کے فروغ کے لیے کام کرنا ایک قابلِ قدر کاوش ہے۔
ملاقات کے دوران شفیق مراد کی جانب سے اپنی دعائیہ نظم ’’محبت نامہ‘‘ کا تحفہ پیش کرنا بھی ایک خوبصورت ادبی روایت کی عکاسی کرتا ہے۔ ادب دراصل محبت، برداشت، رواداری، انسان دوستی اور باہمی احترام کا پیغام دیتا ہے۔ یہی وہ اقدار ہیں جو مختلف معاشروں اور ثقافتوں کے درمیان فاصلے کم کرنے اور انسانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ بنتی ہیں۔
قونصل جنرل علی انصر زیدی کی جانب سے شریف اکیڈمی جرمنی کی علمی، ادبی اور ثقافتی خدمات کو سراہنا اور وفد کے ساتھ خوشگوار تبادلۂ خیال کرنا بھی حوصلہ افزا امر ہے۔ امید کی جانی چاہیے کہ اس ملاقات کے مثبت اثرات عملی اقدامات کی صورت میں سامنے آئیں گے اور قونصل خانے اور شریف اکیڈمی کے درمیان علمی و ادبی تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ بیرونِ ملک قائم پاکستانی ادبی تنظیمیں ایک دوسرے کے ساتھ رابطوں کو مضبوط بنائیں اور باہمی حوصلہ افزائی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ اردو صرف ہماری گفتگو کا ذریعہ نہیں بلکہ ہماری تاریخ، تہذیب، شناخت اور اجتماعی شعور کی امین ہے۔ اس زبان سے محبت دراصل اپنی تہذیبی جڑوں سے محبت ہے۔
بلاشبہ شریف اکیڈمی جرمنی کی یہ کاوش اس بات کا پیغام دیتی ہے کہ علم و ادب کی خدمت کسی ایک ملک، شہر یا خطے تک محدود نہیں۔ جہاں اردو بولنے، پڑھنے اور لکھنے والے موجود ہیں، وہاں اردو کے فروغ کے امکانات بھی موجود ہیں۔ ضرورت صرف اس جذبے کو منظم کرنے، ادارہ جاتی سرپرستی فراہم کرنے اور نئی نسل تک منتقل کرنے کی ہے۔
یہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر ہم اپنی زبان، ادب اور ثقافتی شناخت کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنا سکتے ہیں۔ کیونکہ زبان زندہ ہو تو تہذیب زندہ رہتی ہے، ادب فروغ پائے تو معاشرے میں شعور بیدار ہوتا ہے، اور علم کی روشنی پھیلے تو قوموں کا مستقبل روشن ہوتا ہے۔