November 20, 2026

لاہور (راجہ نورالہی عاطف سے) انجمن ترقی پسند مصنفین پاکستان کے زیر اہتمام پاک ٹی ہاوس میں امریکہ میں مقیم معروف ادیب، دانشور استاد ناصر

IMG-20261120-WA0138

لاہور (راجہ نورالہی عاطف سے) انجمن ترقی پسند مصنفین پاکستان کے زیر اہتمام پاک ٹی ہاوس میں امریکہ میں مقیم معروف ادیب، دانشور استاد ناصر خان ناصر کے افسانوی مجموعے ‘آخری مسکراہٹ ‘ ( زندگی کے تجربات، لفظوں کے آئینے میں) کی تعارفی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت مسرت کلانچوی نے کی جبکہ مہمانانِ خصوصی میں اسلم ملک، عامر فراز، ڈاکٹر محمد جواد، عقیل اختر، اظہر حسین، فرح رضوی اور خالد ندیم شانی شامل تھے۔ ناصر خان ناصر کے افسانوں پر کیلی فورنیا (امریکہ) سے ڈاکٹر تبسم صبا اور ہیوسٹن (امریکہ) سے شاہ غزالی نے خصوصی پیغام بھیجا جسے عقیل اختر نے پڑھ کر سنایا۔ فرح رضوی نے اپنی گفتگو کے بعد مجموعے سے ایک افسانہ بھی پڑھ کر سنایا۔ ناصر خان ناصر اپنی ناسازی طبیعت کے باعث آن لائن شرکت نہیں کر سکے اس لیے انہوں نے امریکہ سے خصوصی پیغام بھیجا جو فرح رضوی نے پڑھ کر سنایا۔ تقریب کا آغاز کامریڈ تنویر اور رضا نعیم کی گفتگو سے ہوا جس کے بعد تمام مہمانانِ خصوصی نے ناصر خان ناصر کے افسانوں پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اسلم ملک نے ان کے افسانوں پر اظہار خیال کے ساتھ ناصر خان سے اپنی دیرینہ دوستی اور ان ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا جو بہاولپور میں ہوئی تھیں۔ آخر میں صدر نشین محترمہ مسرت کلانچوی نے تمام شرکاء محفل کی گفتگو کو سمیٹتے ہوئے بطور صدر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ فرح رضوی نے ناصر خان ناصر کی طرف سے بھیجا گیا گلدستہ صدر نشین صاحبہ کو پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت جاوید آفتاب نے بھرپور انداز میں کی۔ تقریب کے منتظمین میں کامریڈ تنویر احمد خان(مرکزی صدر PWA پاکستان)، جاوید آفتاب(مرکزی سیکرٹری PWA پاکستان)، ضماد گریوال (انفارمیشن سیکرٹری PWA پنجاب)، رضا نعیم صدر (PWA) لاھور، مبینہ عصیم (ڈپٹی سیکرٹری PWA لاھور) اور نبیلہ اکبر (انفارمیشن سیکرٹری PWA لاھور) شامل تھے۔