جعلی نکاح، نوسرباز باز دلہن۔ سونا اور پیسے لے کر فرار۔!!!
جعلی نکاح، نوسرباز باز دلہن۔
سونا اور پیسے لے کر فرار۔!!!
چکوال کے ملحقہ دیہات میں نوسرباز اور فراڈیے گروہ متحرک، شادی کرانے کی آڑ میں متعدد سادہ لوح افراد کو لوٹ کر لاکھوں کی نقدی اور دیگر اشیاء سے محروم کر دیا گیا۔
حسیب احمد سکنہ چک ملوک نے تھانہ صدر چکوال میں دی گئی تحریری درخواست میں بتایا کہ وہ سفیدی کا کام کرتا ہے ماہ ستمبر میں وہ ڈھوک فیروز چکوال میں ناہید کوثر نامی خاتون کے گھر کام کر رہا تھا۔
اس نے بتایا کہ کہ وہ بیوہ ہے اور رشتے کروا کر اپنا گزر بسر کر رہی ہے۔ میں نے اپنے ماموں عدیل احمد جو تھوڑے زائد عمر کے ہیں۔
انکی شادی کے لئے بات کی تو اس نے کہا کہ کہ وہ دو خواتین سے بھی رابطہ میں ہے ان سے بات کرکے بندوبست کرتے ہیں۔
اس نے ہماری دو اور خواتین شاہدہ بی بی زوجہ فضل کریم ڈھوک فیروز چکوال اور گل نرگس زوجہ افضال شاہ ساکن مرید سے بات کرائی جس میں انہوں نے رشتہ کرانے کی حامی بھر لی اور خیبرپختونخوا سے رشتہ کرانے کے لیے اخراجات سے آگاہ کیا۔
جس پر میں نے 50 ہزار ان کے حوالے کر دیئے۔30 ستمبر کو بارات لے کر ہم مردان گئے جہاں میرے ماموں کا ریشماں بی بی دختر عثمان غنی ساکن شہباز گڑھی مردان سے نکاح ہوا اور اسی شام ہم واپس آ گئے۔
2 اکتوبر کو ولیمہ ہوا۔ 9 اکتوبر کو شاہدہ بی بی اور گل نرگس ان کے گھر آئیں اور دلہن کو اس کے میکے لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ہم نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے جانے کی اجازت دے دی۔
ان خواتین نے رات کو ہمارے گھر ہی قیام کیا اور صبح سویرے اس وقت دلہن کو لے کر چلی گئیں جب ہم سب ابھی سو رہے تھے۔ بیدار ہونے پر ان کو موجود نہ پاکر جب ہم نے گھر کا جائزہ لیا تو قیمتی سامان، اڑھائی تولہ کے طلائی زیورات، پارچہ جات، سلامی کی رقم اور دیگر اشیا جو دلہن کی تحویل میں تھیں غائب تھیں۔
جب ہم نے ان خواتین سے رابطہ کیا تو انہوں نے یقین دلایا کہ کہ آپ فکر نہ کریں وہ جلد واپس آ جائے گی۔ مزید دس بارہ روز گزرنے کے باوجود جب دلہن واپس نہ آئی تو ہمارا شک یقین میں بدل گیا۔جب ہم نے ان خواتین کے بارے میں چھان بین کی تو معلوم ہوا کہ یہ نوسرباز گروہ ہے اور ان کے ہاتھوں مرید اور کھائی کے لوگ بھی لٹ چکے ہیں۔
بعد ازاں تحقیقات پر پتہ چلا کہ نکاح بھی جعلی ہے۔عدیل احمد نے مزید کہا کہ چونکہ یہ خواتین مقامی تھیں جس کی وجہ سے ہم نے ان پر اعتماد کیا اور ان کے جھانسے میں آ گئے۔
عدیل نے مزید بتایا کہ تھانہ صدر چکوال میں درخواست دیئے ہوئے ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے وہ تھانہ صدر اور ڈی پی او آفس کے درجنوں چکر لگا چکے ہیں۔
لیکن ابھی تک نوسر بازوں کو قانون کی گرفت میں نہیں لایا جا سکا۔ مصالحتی کمیٹی چکوال نے ڈی پی او چکوال کو دی گئی اپنی رپورٹ میں نوسربازوں کے خلاف کاروائی کی سفارش کی ہے۔
مبینہ اطلاعات کے مطابق ایک گروہ ناہید کوثر ، شاہدہ بی بی،گل نرگس، ابرار ، بشیر احمد (میانوالی) ممتاز علی پٹھان ( نکاح خواں) اور دعا فاطمہ (مردان) پر مشتمل ہے جبکہ دوسرے گروہ میں عدیلہ بی بی زوجہ اظہر عباس سمن آباد چکوال، نواز ، محبوب شاہ شی میل ( سکنائے ہری پور) شامل ہیں۔
جو رشتے کرانے کی آڑ میں لوگوں سے لاکھوں کی نقدی ، مالیت کے طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء سے محروم کر رہے ہیں۔ ڈی پی او چکوال ان نوسرباز گروہوں کے خلاف فوری کاروائی کے احکامات جاری کرکے متاثرہ افراد کی داد رسی یقینی بنائیں۔