November 20, 2026

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر

IMG-20261120-WA0136

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر اور ڈی پی او خوشاب ملک طاہر علی کے ہمراہ جوہر آباد میلہ گراؤنڈ سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اور لاہور قلندرز کرکٹ ایونٹ و ٹرائلز کے سلسلے میں کیے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر سرگودھا ڈویژن نے کرکٹ اسٹیڈیم، تیار کی جانے والی پچز، نیٹ پریکٹس ایریا، جم، پارک ایریا، باؤنڈری وال، صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔ متعلقہ افسران نے انہیں سپورٹس کمپلیکس میں جاری تیاریوں اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن کو ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خرم حمید، اے ڈی سی ایم ایس ذریاب ساجد، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صائمہ منظور اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے لاہور قلندرز کی مہمان ٹیم کے نمائندگان سے ملاقات کی اور کرکٹ ایونٹ و ٹرائلز کے انتظامات سمیت دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر کمشنر سرگودھا ڈویژن نے ہدایت کی کہ لاہور قلندرز کرکٹ ایونٹ اور ٹرائلز کے موقع پر وی آئی پیز، سیاسی قائدین، لاہور قلندرز کی اسپیشل پرسن، سلیکشن ٹیم کے اراکین اور دیگر مہمانوں کے لیے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ ٹرائلز میں شرکت کے لیے آنے والے کھلاڑیوں کو کیمپ ایریا، پینے کے صاف پانی، واش رومز، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن نے مزید ہدایت کی کہ ایونٹ کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور تمام داخلی راستوں پر مؤثر چیکنگ کا نظام وضع کیا جائے۔ واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں اور بغیر اجازت نامے یا پاس کے کسی بھی شخص کو ایونٹ کے مقام میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ایونٹ اور ٹرائلز کے دوران باہمی رابطوں اور مؤثر کوآرڈینیشن کو یقینی بنائیں۔ سیف سٹی کیمروں اور کنٹرول روم کو چوبیس گھنٹے فعال رکھا جائے تاکہ سیکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جا سکے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے واضح کیا کہ لاہور قلندرز کرکٹ ایونٹ اور ٹرائلز کا کامیاب، محفوظ اور منظم انعقاد تمام متعلقہ محکموں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، لہٰذا تمام افسران اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی تعاون کے ساتھ ادا کریں۔