روہڑی کے قریب سکھر ملتان انٹرچینج پر مسافر ویگن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تمام مسافر محفوظ رہے، پیٹرول پمپ عملے کی بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹل گیا
روہڑی کے قریب سکھر ملتان انٹرچینج پر مسافر ویگن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تمام مسافر محفوظ رہے، پیٹرول پمپ عملے کی بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹل گیا
روہڑی (بیورورپورٹ) روہڑی کے قریب سکھر ملتان انٹرچینج پر مسافر ویگن میں اچانک آگ لگنے کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم خوش قسمتی سے ویگن میں سوار تمام مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ پیٹرول پمپ کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ویگن میں نصب ایل پی جی گیس سلنڈر نکال کر آگ پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث ممکنہ طور پر بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔تفصیلات کے مطابق صالح پٹ کے علاقے جنوجی سے روہڑی کی جانب آنے والی مسافر ویگن جب سکھر ملتان انٹرچینج کے قریب واقع ایک پیٹرول پمپ پر پہنچی تو اچانک ویگن میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کے شعلے بلند ہوتے ہی وہاں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ ویگن میں سوار مسافروں نے فوری طور پر گاڑی سے باہر نکل کر اپنی جانیں بچائیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پیٹرول پمپ کے عملے نے غیر معمولی پھرتی اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویگن میں نصب ایل پی جی گیس سلنڈر فوری طور پر نکال لیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ عملے کی بروقت کوششوں کے نتیجے میں ویگن میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا، تاہم آتشزدگی کے باعث مسافر ویگن کو جزوی نقصان پہنچا۔واقعہ پٹنی تھانے کی حدود میں سکھر ملتان انٹرچینج کے قریب واقع پیٹرول پمپ پر پیش آیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔ پیٹرول پمپ عملے کی بروقت کارروائی اور حاضر دماغی کو شہریوں نے سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ایل پی جی سلنڈر فوری طور پر نہ نکالا جاتا تو آگ مزید شدت اختیار کر سکتی تھی اور کوئی بڑا سانحہ پیش آ سکتا تھا۔