November 15, 2026

سکھر شکارپور روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثہ، دو نوجوان جاں بحق، چار سے زائد افراد زخمی

IMG-20261114-WA0128

سکھر شکارپور روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثہ، دو نوجوان جاں بحق، چار سے زائد افراد زخمی

سکھر (بیورورپورٹ) سکھر شکارپور روڈ پر تھانہ آباد کی حدود میں سی این جی رکشے اور مزدا گاڑی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ چار سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے باعث علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ دو گھروں کے چراغ گل ہونے پر اہل خانہ غم سے نڈھال ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق سکھر شکارپور روڈ پر تھانہ آباد کی حدود میں تیز رفتار سی این جی رکشہ اور مزدا گاڑی کے درمیان اچانک زور دار تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور جائے حادثہ پر چیخ و پکار مچ گئی۔حادثے میں چک کے رہائشی 25 سالہ نوجوان نثار میرانی اور 23 سالہ عاطف میرانی شدید زخمی ہونے کے باعث جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے، جبکہ فہد میرانی، برکت میرانی، عابد سمیت چار سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیوں کے بعد جاں بحق نوجوانوں کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سکھر کے نجی اسپتال منتقل کردیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔حادثے میں دو قیمتی جانوں کے ضیاع پر علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا قائم ہوگئی۔ جاں بحق نوجوانوں کے اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا، جبکہ واقعے کے بعد شہریوں نے متعلقہ حکام سے سکھر شکارپور روڈ پر ٹریفک کی روانی اور تیز رفتار گاڑیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔