سکھر میں شہری کی کرائے پر دی گئی گاڑی مبینہ طور پر ہتھیا لی گئی، تین ماہ گزرنے کے باوجود نہ کرایہ ملا نہ گاڑی واپس ہوئی، متاثرہ شہری کا احتجاج، اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ
سکھر میں شہری کی کرائے پر دی گئی گاڑی مبینہ طور پر ہتھیا لی گئی، تین ماہ گزرنے کے باوجود نہ کرایہ ملا نہ گاڑی واپس ہوئی، متاثرہ شہری کا احتجاج، اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ
سکھر (بیورورپورٹ) سکھر میں شہری کی ذاتی گاڑی کرائے پر حاصل کرنے کے بعد مبینہ طور پر واپس نہ کرنے اور کرایہ ادا نہ کرنے کا معاملہ سامنے آگیا۔ نیو پنڈ روڈ کے رہائشی متاثرہ شہری غلام اصغر گھانگھرو نے احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ پولیس حکام سے اپنی گاڑی فوری واپس دلانے اور مبینہ فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔احتجاج کرتے ہوئے غلام اصغر گھانگھرو نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے اپنے اہل خانہ کی کفالت اور روزگار کے حصول کے لیے ذاتی گاڑی ٹویوٹا یارس ماڈل 2020، رجسٹریشن نمبر BSA-071 خرید رکھی تھی، جو انہوں نے جولائی 2025 میں فرمان علی میرانی نامی شخص کو باقاعدہ معاہدے کے تحت تین ماہ کے لیے کرائے پر دی تھی۔ معاہدے کے مطابق مذکورہ شخص کو ہر ماہ مقررہ کرایہ ادا کرنا تھا اور مدت مکمل ہونے پر گاڑی واپس کرنا تھی، تاہم تین ماہ کی مقررہ مدت گزرنے کے باوجود نہ تو اسے کرایہ ادا کیا گیا اور نہ ہی اس کی گاڑی واپس کی گئی۔متاثرہ شہری کا مزید کہنا تھا کہ جب انہوں نے اپنی گاڑی اور واجب الادا کرائے کے متعلق رابطہ کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص نے مبینہ طور پر ان کی گاڑی خیرپور میں کسی سود خور کے پاس گروی رکھ دی ہے، جبکہ وقار فلپوٽو نامی شخص کی جانب سے بھی مسلسل رقم کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث وہ شدید پریشانی اور ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔غلام اصغر گھانگھرو نے بتایا کہ گاڑی ان کے روزگار کا واحد ذریعہ تھی، جس کے بند ہونے سے ان کے گھر کا چولہا جلانا اور اہل خانہ کے اخراجات پورے کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ہی گاڑی کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، لیکن تاحال انہیں کوئی ریلیف نہیں مل سکا۔متاثرہ شہری نے ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی سکھر، ایس ایس پی خیرپور اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے گاڑی کی تلاش اور واپسی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ مبینہ طور پر فراڈ اور گاڑی کو غیرقانونی طور پر گروی رکھنے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرکے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔