پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پرانے کرائے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیاں، سکھر میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے چھاپے، بھاری جرمانے عائد، مسافروں کو ہزاروں روپے واپس کرا دیے گئے
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پرانے کرائے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیاں، سکھر میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے چھاپے، بھاری جرمانے عائد، مسافروں کو ہزاروں روپے واپس کرا دیے گئے
سکھر (بیورورپورٹ) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں سے پرانے اور زائد کرائے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف محکمہ ٹرانسپورٹ نے سکھر میں کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف کوچز اور ویگنوں پر اچانک چھاپے مارے گئے، جہاں مسافروں سے مقررہ کرائے سے زائد وصول کی گئی رقم موقع پر ہی واپس کرائی گئی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن، سیکریٹری ٹرانسپورٹ سندھ اسد ضامن، کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی اور ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کی ہدایات پر سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) فیاض حسین منگی کی سربراہی میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے عملے نے شہر کے مختلف مقامات پر پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کی چیکنگ کی۔کارروائی کے دوران کوچز اور ویگنوں میں سفر کرنے والے مسافروں سے کرایوں کے حوالے سے معلومات حاصل کی گئیں اور ان سے دریافت کیا گیا کہ آیا ٹرانسپورٹرز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد کرایوں میں بھی کمی کر رہے ہیں یا نہیں۔ چیکنگ کے دوران بعض ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مسافروں سے پرانے اور زائد کرائے وصول کرنے کی شکایات سامنے آئیں، جس پر متعلقہ عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسافروں کو ان کی اضافی وصول کی گئی رقم واپس دلوائی۔اس موقع پر سیکریٹری آر ٹی اے فیاض حسین منگی نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام سے پرانے کرائے وصول کرنے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں، جس کا نوٹس لیتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کے خلاف باقاعدہ کارروائیاں شروع کی گئی ہیں۔ اب تک سیکڑوں مسافروں کو ہزاروں روپے کا زائد وصول کیا گیا کرایہ واپس کرایا جا چکا ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ٹرانسپورٹر کو اپنی مرضی کے کرائے وصول کرنے اور مسافروں کو ناجائز مالی بوجھ میں مبتلا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیمیں مختلف روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ کی نگرانی اور چیکنگ کا عمل جاری رکھیں گی تاکہ کرایوں میں کمی کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔فیاض حسین منگی کا مزید کہنا تھا کہ کارروائیوں کا بنیادی مقصد شہریوں اور بین الاضلاعی سفر کرنے والے مسافروں کو سفری اخراجات میں ریلیف فراہم کرنا، کرایوں کے نظام کو شفاف بنانا اور من مانی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ وہ حکومتی احکامات اور مقررہ کرایوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی اور جرمانوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔عوامی حلقوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے زائد کرایوں کی وصولی کے خلاف شروع کی گئی کارروائیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ محض چند روزہ مہم کے بجائے مستقل بنیادوں پر چیکنگ کا نظام قائم کیا جائے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی فائدہ عام مسافروں کو بھی مل سکے۔