November 15, 2026

سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی) سکھر کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے اور صاف پینے

IMG-20261114-WA0123

سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی) سکھر کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے تاریخی منصوبے کی باضابطہ منظوری پر شہر بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس سلسلے میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کرنے کے لیے اہلیانِ سکھر کی جانب سے ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کے اعزاز میں سکھر ہاؤس میں شاندار اور والہانہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، معززین، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء نے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا پرتپاک استقبال کیا اور تاریخی منصوبے کی منظوری پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے حق میں اظہارِ تشکر کرتے ہوئے جئے بھٹو کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ تقریب کے دوران شرکاء میں غیرمعمولی جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور شہریوں نے صاف پانی کے منصوبے کو سکھر کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔اس موقع پر ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے استقبال میں شریک تمام شہریوں اور معززین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اہلیانِ سکھر کی جانب سے ملنے والی محبت، خلوص اور بھرپور شرکت ان کے لیے باعثِ فخر اور حوصلہ افزائی ہے۔ سکھر کے عوام کی خوشی درحقیقت ہماری خوشی ہے اور شہریوں کے دیرینہ مسائل کا حل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ صاف پینے کے پانی کی فراہمی سکھر کے شہریوں کا ایک دیرینہ مسئلہ رہا ہے، جس کے حل کے لیے تاریخی منصوبے کی باضابطہ منظوری ایک بڑی کامیابی ہے۔ اس اہم منصوبے کی منظوری پر ہم چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے خصوصی طور پر شکر گزار ہیں، جنہوں نے سکھر کے عوام کی بنیادی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس منصوبے کی منظوری دی۔بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی، شہر کی تعمیر و ترقی اور دیرینہ مسائل کا خاتمہ ہماری ذمہ داری ہے۔ سکھر کے شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی ایک بنیادی ضرورت ہے اور اس منصوبے کی منظوری سے شہریوں کی دیرینہ امیدیں وابستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے ملنے والی محبت اور اعتماد ہمارے لیے سرمایہ ہے، ہم عوام کی توقعات پر پورا اترنے اور سکھر کو ایک بہتر، صاف ستھرا اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے تاریخی منصوبے کی منظوری کو سکھر کے عوام کے لیے خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے پر جلد عملی پیش رفت ہوگی اور شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کا دیرینہ خواب شرمندۂ تعبیر ہوگا۔