سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی) سکھر سٹی انٹرنس بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن پروجیکٹ کے تحت شہر کے داخلی راستے کو خوبصورت، کشادہ
سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی) سکھر سٹی انٹرنس بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن پروجیکٹ کے تحت شہر کے داخلی راستے کو خوبصورت، کشادہ اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ اس سلسلے میں سندھ حکومت کے ترجمان و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے N-65 نیشنل ہائی وے پر بچل شاہ کے قریب سٹی پوائنٹ پر جاری ترقیاتی منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا اور کام کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان، میونسپل کمشنر، متعلقہ ٹاؤن چیئرمین اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران میئر سکھر اور دیگر افسران کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں، جاری تعمیراتی و ترقیاتی سرگرمیوں اور کام کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔میئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے منصوبے پر جاری کام کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران سے تفصیلات حاصل کیں اور ترقیاتی کاموں کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔ سٹی انٹرنس بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن پروجیکٹ کا بنیادی مقصد سکھر شہر کے مرکزی داخلی راستے کو مزید کشادہ، خوبصورت اور جدید شہری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے، تاکہ شہر میں داخل ہونے والے شہریوں اور مسافروں کو ایک بہتر اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔منصوبے کی تکمیل سے سٹی پوائنٹ اور نیشنل ہائی وے کے اس اہم مقام پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، آمدورفت کے نظام کو مؤثر کرنے اور شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے داخلی حصے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور سکھر کا ایک بہتر اور جدید شہری تشخص بھی سامنے آئے گا۔دورے کے موقع پر متعلقہ افسران کو ترقیاتی منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر کام کے معیار کو برقرار رکھنے اور منصوبے کو مقررہ تقاضوں کے مطابق آگے بڑھانے کی ہدایات دی گئیں۔