November 9, 2026

راولپنڈی 92 نیوز کی خاتون اینکر پرسن ربیعہ حسن گھر میں فائرنگ سے جاں بحق، شوہر پولیس تحویل میں، اسلحہ برآمد

IMG-20261109-WA0022

راولپنڈی

92 نیوز کی خاتون اینکر پرسن ربیعہ حسن گھر میں فائرنگ سے جاں بحق، شوہر پولیس تحویل میں، اسلحہ برآمد

راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ، گلشن آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نجی ٹی وی چینل 92 نیوز کی خاتون اینکر پرسن اور صحافی ربیعہ حسن کو مبینہ طور پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش ان کے گھر کے بیڈ روم سے ملی۔ سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے، جبکہ ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور دیگر پولیس افسران بھی جائے وقوعہ پر موجود رہے۔

پولیس حکام کے مطابق مقتولہ کے شوہر احسن کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں، جبکہ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور تمام پہلوؤں سے میرٹ پر تفتیش یقینی بنائی جائے گی۔ واقعے کے دیگر پہلوؤں، بشمول مبینہ زیادتی کے خدشے، کی بھی تفتیش کی اطلاعات ہیں، تاہم اس حوالے سے حتمی تصدیق پوسٹ مارٹم اور تحقیقاتی نتائج کے بعد ہی ممکن ہوگی۔

خاتون صحافی کے قتل کی خبر سامنے آنے کے بعد صحافتی برادری میں تشویش اور سوگ کی فضا پائی جاتی ہے۔ صحافتی حلقوں نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔