ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران کی زیرِ صدارت اہم کرائم میٹنگ، ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کی شرکت
ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران کی زیرِ صدارت اہم کرائم میٹنگ، ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کی شرکت
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عمران کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس کے کانفرنس ہال میں ایک اہم کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر کے تمام ایس ڈی پی اوز اور تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سنگین جرائم کے خلاف جاری آپریشنز، اشتہاری و عدالتی مفروران کی گرفتاری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی پی او محمد عمران نے تمام تھانوں کی انفرادی کارکردگی رپورٹ کا خود معائنہ کیا اور سٹریٹ کرائم، ڈکیتی، چوری، اور منشیات فروشی کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنے کے سخت احکامات جاری کیے۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایات دیں کہ مقدمات کی تفتیش کو میرٹ پر اور شفاف طریقے سے جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس عمل میں کسی بھی قسم کی ناانصافی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈی پی او نے تمام ایس ایچ اوز کو سخت تاکید کی کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے ساتھ انتہائی خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آیا جائے اور ایف آئی آر (FIR) کے اندراج میں کسی بھی قسم کی لیت و لعل یا تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال، کرپشن اور شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس کے آخر میں ڈی پی او محمد عمران نے جرائم پیشہ عناصر اور معاشرے کے ناسوروں کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان بہاولنگر پولیس