سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی سکھر چیمبر آف کامرس کی نئی قیادت کا تاجروں اور
سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
سکھر چیمبر آف کامرس کی نئی قیادت کا تاجروں اور شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم، مختلف محکموں سے رابطے شروع، شکایتی سیل قائم کرنے اور صنعتی و تجارتی ترقی کے لیے اقدامات کا اعلان
سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے نومنتخب صدر ملک یعقوب اور نائب صدر شہزاد شیوانی نے کہا ہے کہ تاجروں اور شہریوں کو درپیش مسائل کا حل اور کاروباری برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنا چیمبر آف کامرس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے. وقار خان اور بلال خان کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے تاجروں اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں سے رابطے شروع کر دیے گئے ہیں، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا فوری اور مؤثر ازالہ کیا جا سکے.
سکھر اسپیشل ٹی وی کے بیورو چیف اور جئے ایف ایم 88 سکھر کے مارکیٹنگ مینیجر آغا جبار خان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملک یعقوب اور شہزاد شیوانی نے کہا کہ تاجروں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں. مسائل کا تعلق کسی بھی سرکاری محکمے سے ہو، چیمبر آف کامرس متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے ان کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا.
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی کے ناقابلِ برداشت بلوں، گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سمیت دیگر معاشی مسائل نے کاروباری طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے. ان حالات میں تاجروں کو ریلیف فراہم کرنا اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے. اس سلسلے میں مختلف متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے اور مشاورت جاری ہے، تاکہ تاجروں کی شکایات اعلیٰ حکام تک پہنچا کر ان کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے.
نومنتخب عہدیداروں کا کہنا تھا کہ تاجروں کی سہولت کے لیے چیمبر آف کامرس کے دفتر میں شکایتی سیل قائم کیے گئے ہیں، جہاں تاجر برادری متعلقہ محکموں کے خلاف اپنی شکایات درج کرا سکتی ہے. ان شکایات کو متعلقہ حکام کے سامنے پیش کرکے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ تاجروں کو سرکاری امور کی انجام دہی میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے.
انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر سے متعلق ٹیکس معاملات کو بھی بہتر بنانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں، تاکہ تاجروں اور ٹیکس حکام کے درمیان مؤثر رابطہ قائم ہو، ٹیکس سے متعلق مسائل حل ہوں اور کاروباری طبقہ سہولت کے ساتھ اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کر سکے.
ملک یعقوب اور شہزاد شیوانی نے سکھر کی صنعتی، تجارتی اور معاشی ترقی کے حوالے سے بتایا کہ سکھر میں جنرل یونیورسٹی کے قیام، سکھر ایئرپورٹ کی توسیع، ڈرائی پورٹ کی ترقی، ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے قیام یا متعلقہ منصوبوں کو باہم مربوط کرنے، سکھر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام اور گولیمار انڈسٹریل ایریا کی ترقی کے لیے تجاویز پیش کی گئی ہیں. ان منصوبوں کو عملی شکل دینے اور شہر میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے کیے جا رہے ہیں.
انہوں نے بتایا کہ گولیمار انڈسٹریل ایریا کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقی دینے کی تجویز بھی کمشنر سکھر کے سامنے رکھی گئی ہے، تاکہ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور سکھر کی معاشی ترقی کو تیز کیا جا سکے. ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام کے تعاون سے ان تجاویز پر پیش رفت کی امید ہے.
نومنتخب صدر اور نائب صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سکھر چیمبر آف کامرس تاجروں کے مسائل کے حل، صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی اور شہر کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا. انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے اعتماد پر پورا اترنے اور تاجروں کے مسائل متعلقہ فورمز پر مؤثر انداز میں اٹھانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے.
اس موقع پر سکھر اسپیشل ٹی وی کے بیورو چیف اور جئے ایف ایم 88 سکھر کے مارکیٹنگ مینیجر آغا جبار خان نے سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے صدر ملک یعقوب اور نائب صدر شہزاد شیوانی کو گلدستے پیش کیے اور انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی.