سکھر اغاجبار سے سکھر چیمبر آف کامرس کی نئی قیادت کا تاجروں اور شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم
سکھر اغاجبار سے
سکھر چیمبر آف کامرس کی نئی قیادت کا تاجروں اور شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم
شکایات سیل قائم، ایف بی آر سے متعلق ٹیکس مسائل کے حل اور صنعتی و تجارتی ترقی کے لیے عملی اقدامات کا اعلان، گولیمار انڈسٹریل ایریا کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقی دینے کی تجویز بھی پیش
سکھر(بیورورپورٹ)سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے نومنتخب صدر ملک یعقوب اور نائب صدر شہزاد شیووانی نے تاجروں اور شہریوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے، کاروباری برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنے اور شہر میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وقار خان اور بلال خان کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے تاجروں اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں سے رابطے شروع کر دیے گئے ہیں، جبکہ تاجروں کی سہولت کے لیے چیمبر آف کامرس کے دفتر میں شکایات سیل بھی قائم کیے گئے ہیں۔سکھر اسپیشل ٹی وی کے بیورو چیف اور جے ایف ایم 88 سکھر کے مارکیٹنگ منیجر آغا جبار خان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملک یعقوب اور شہزاد شیووانی نے کہا کہ تاجر برادری کو درپیش دیرینہ مسائل کا حل نئی قیادت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ مسائل کا تعلق کسی بھی سرکاری محکمے سے ہو، چیمبر آف کامرس متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے ان کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے گا، تاکہ تاجروں اور شہریوں کو غیر ضروری مشکلات سے نجات دلائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی کے ناقابلِ برداشت بلوں، گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سمیت مختلف معاشی مسائل کے باعث کاروباری برادری شدید مشکلات کا شکار ہے۔ ان حالات میں تاجروں کو ریلیف فراہم کرنا، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، تاکہ تاجروں کی شکایات اعلیٰ حکام تک پہنچا کر ان کا مناسب ازالہ کرایا جا سکے۔نومنتخب عہدیداروں نے بتایا کہ تاجروں کی سہولت کے لیے چیمبر آف کامرس کے دفتر میں شکایات سیل قائم کیے گئے ہیں، جہاں کاروباری افراد مختلف سرکاری محکموں سے متعلق اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔ موصول ہونے والی شکایات کو متعلقہ حکام کے سامنے پیش کرکے ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ تاجروں کو سرکاری امور کی انجام دہی کے دوران غیر ضروری رکاوٹوں اور پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے متعلق ٹیکس معاملات کو بہتر بنانے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں تاجروں اور ٹیکس حکام کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے، ٹیکس سے متعلق مسائل حل کرنے اور کاروباری برادری کو اپنی قانونی ذمہ داریاں آسانی سے پوری کرنے میں سہولت فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ملک یعقوب اور شہزاد شیووانی نے سکھر کی صنعتی، تجارتی اور معاشی ترقی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی ترقی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے متعدد اہم تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ ان میں سکھر میں جنرل یونیورسٹی کا قیام، سکھر ایئرپورٹ کی توسیع، ڈرائی پورٹ کی ترقی، ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کا قیام یا متعلقہ منصوبوں کو باہمی طور پر مربوط کرنا، سکھر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام اور گولیمار انڈسٹریل ایریا کو ترقی دینا شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں پر پیش رفت کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے جاری ہیں، تاکہ سکھر کو صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کا اہم مرکز بنانے کے ساتھ ساتھ مقامی اور بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات کو بھی وسعت دی جا سکے۔ ان منصوبوں پر عمل درآمد سے شہر کی معاشی سرگرمیوں میں تیزی آنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔نومنتخب صدر اور نائب صدر نے مزید بتایا کہ گولیمار انڈسٹریل ایریا کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقی دینے کی تجویز کمشنر سکھر کے سامنے بھی پیش کی گئی ہے۔ اس تجویز کا مقصد صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا، کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینا اور نوجوانوں سمیت مقامی آبادی کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام کے تعاون سے ان تجاویز پر مثبت پیش رفت ہوگی اور سکھر کی صنعتی و معاشی ترقی کے لیے عملی اقدامات ممکن بنائے جا سکیں گے۔ملک یعقوب اور شہزاد شیووانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تاجر برادری کے مسائل حل کرنے، صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور شہر کی مجموعی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور تاجروں کے مسائل متعلقہ فورمز پر مؤثر انداز میں اٹھائے جائیں گے۔اس موقع پر سکھر اسپیشل ٹی وی کے بیورو چیف اور جے ایف ایم 88 سکھر کے مارکیٹنگ منیجر آغا جبار خان نے سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے نومنتخب صدر ملک یعقوب اور نائب صدر شہزاد شیووانی کو گلدستے پیش کیے اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔