اسلام آباد (راجہ نورالہی عاطف سے) اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس اور فاروق گروپ آف ہاسپٹلز کے درمیان
اسلام آباد (راجہ نورالہی عاطف سے) اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس اور فاروق گروپ آف ہاسپٹلز کے درمیان صحافی برادری اور ان کے اہلِ خانہ کو معیاری اور رعایتی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔
اس موقع پر اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر فیاض تنولی، جنرل سیکرٹری سردار سجاد طارق، سیکرٹری فائنانس شیر دل خان ،جوائنٹ سیکرٹری راشد عباسی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلمیٰ ملک، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عارف اللہ، کوآرڈینیٹر محمد سلیم، نائب صدر فائزہ یونس، آفس سیکرٹری و کیمرہ مین فاروق خان سمیت دیگر عہدیداران اور ممبران موجود تھے۔
فاروق گروپ آف ہاسپٹلز کی جانب سے ڈاکٹر سعد بن ہارون، چیف ایگزیکٹو آفیسر و میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈاکٹر مبشر کاظمی، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، اور سعد محمود، سربراہ شعبہ کاروباری ترقی و مارکیٹنگ نے شرکت کی۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے ممبران اور ان کے اہلِ خانہ کو مختلف طبی سہولیات، تشخیصی ٹیسٹ، علاج معالجے اور دیگر صحت کی خدمات پر خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر چیئرمین شاہنواز خان اور دیگر عہدیداران نے کہا کہ صحافی برادری کی فلاح و بہبود، بالخصوص صحت کی معیاری اور قابلِ رسائی سہولیات کی فراہمی، اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کی اہم ترجیحات میں شامل ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ فاروق گروپ آف ہاسپٹلز کے ساتھ ہونے والا یہ معاہدہ صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے ایک مثبت اور عملی فلاحی اقدام ہے۔
اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران نے فاروق گروپ آف ہاسپٹلز کی انتظامیہ، بالخصوص ڈاکٹر سعد بن ہارون، ڈاکٹر مبشر کاظمی اور سعد محمود کا شکریہ ادا کیا۔