October 8, 2026

سکھر سے بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی سکھر: الرٹ سٹیزن ویلفیئر ایسوسی ایشن سندھ کی

Screenshot_2026-10-07_150907.830

سکھر سے بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
سکھر: الرٹ سٹیزن ویلفیئر ایسوسی ایشن سندھ کی جانب سے سکھر شہر کو سرسبز و شاداب بنانے اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ جنرل سیکریٹری سندھ کبیر خان بھٹی اور دیگر عہدیداران و کارکنان نے شہر کے مختلف علاقوں میں پودے لگائے شجرکاری مہم کے لیے فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ سکھر کی جانب سے ایسوسی ایشن کو ایک ہزار پودے فراہم کیے گئے، جنہیں شہر کے مختلف علاقوں میں لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر سماجی کارکنان اور شہریوں نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری سندھ کبیر خان بھٹی نے کہا کہ درخت زمین کا زیور ہیں اور انسانی زندگی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ درخت نہ صرف ماحول کو خوبصورت بناتے ہیں بلکہ گرمی اور حدت کو کم کرنے، فضائی آلودگی پر قابو پانے اور صاف و صحت مند ماحول کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سکھر کو سرسبز اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے۔ شجرکاری صرف ایک مہم نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے۔کبیر خان بھٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں، اپنے گھروں، محلوں، کاروباری مراکز، تعلیمی اداروں اور دیگر دستیاب مقامات پر پودے لگائیں اور ان کی حفاظت و نگہداشت کو بھی یقینی بنائیں۔انہوں نے فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ سکھر کی جانب سےv ایک ہزار پودے فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سرسبز سکھر کے لیے تمام سرکاری اداروں، سماجی تنظیموں اور شہریوں کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔