سکھر (بیورورپورٹ) علامہ قاری عطاء حسین چراغی نے کہا ہے کہ اہل بیت اطہار، صحابہ کرام اور بزرگان
سکھر (بیورورپورٹ) علامہ قاری عطاء حسین چراغی نے کہا ہے کہ اہل بیت اطہار، صحابہ کرام اور بزرگان دین سے محبت، ان کی سیرت و تعلیمات پر عمل کرنا دنیا و آخرت میں کامیابی و سرخروئی کی ضمانت ہے، یہ وہ مقدس ہستیاں ہیں جنہوں نے رب تعالی کی رضا کی خاطر اپنا سب کچھ دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت کی نذر کردیا. اہل بیت اطہار سے محبت کے بغیر ایمان کامل نہیں ہوسکتا اور صحابہ کرام علیہم الرضوان سے محبت بھی ایمان کا ضروری تقاضا ہے، گیارہویں شریف والے بزرگ سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ نے بھی اپنے افکار و نظریات کے ذریعے اہل بیت اطہار و صحابہ کرام کی سیرت و تعلیمات مقدسہ پر عمل پیرا ہونے کا درس دیا. آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب اپنے فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر اللہ کی رسی کو مضبوط سے تھام لے اور دین میں تفرقہ مت پھیلائے، اتحاد امت وقت کی اشد ترین ضرورت ہے، امت مسلمہ اتحاد و اتفاق کی طاقت سے دنیا بھر میں اپنا کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل کرسکتی ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد بلال آئرن مارکیٹ گولیمار سکھر میں منعقدہ ذکر شان اہل بیت اور ذکر گیارہویں شریف کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا. انہوں نے پیران پیر سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر اپنی زندگیوں کو پرسکون بنائے، نماز روزہ سمیت دیگر ارکان دین کی پابندی کو اپنا شعار بنائے، خدمت خلق کو اپنی اولین ترجیح بنائے، یہی راہ نجات ہے، اس موقع پر عالم اسلام کے غلبہ، باطل کی پستی، مظلوم غزہ و فلسطینیوں سمیت کرہ ارض کے تمام مظلوموں کی غیبی دستگیری، وطن عزیز پاکستان کی ترقی، سالمیت، استحکام، بقاء و خوش حالی کے لئے خصوصی دعا بھی مانگی گئی.