بہاولنگر(نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر) ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم (e-FOAS) کے حوالے سے تربیتی
بہاولنگر(نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر) ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم (e-FOAS) کے حوالے سے تربیتی سیشن ڈی سی کمپلیکس بہاولنگر کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے تمام سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تربیتی سیشن میں شرکاء کو e-FOAS کے مختلف پہلوؤں، الیکٹرانک فائل کی تیاری، فائل کی آن لائن موومنٹ، پراسیسنگ، منظوری اور ڈیجیٹل ریکارڈ کو محفوظ رکھنے کے طریقہ کار کے حوالے سے تفصیلی تربیت فراہم کی گئی۔ شرکاء کو سسٹم کے عملی استعمال اور روزمرہ دفتری امور کو ڈیجیٹل طریقہ کار کے تحت انجام دینے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، e-FOAS کے مؤثر استعمال سے دفتری امور میں تیزی، شفافیت اور مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ e-FOAS کے استعمال میں مہارت حاصل کریں اور سرکاری امور کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے تحت آگے بڑھائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری اداروں میں ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد دفتری نظام کو مزید مؤثر، تیز رفتار اور عوام دوست بنانا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے e-FOAS کے استعمال کو یقینی بناتے ہوئے فائلوں کی بروقت پراسیسنگ اور ریکارڈ کی مؤثر مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دیں۔
تربیتی سیشن کے دوران افسران و اہلکاروں نے e-FOAS کے حوالے سے مختلف سوالات بھی کیے، جن کے تفصیلی جوابات فراہم کیے گئے۔ شرکاء نے ڈیجیٹل دفتری نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تربیتی سیشن کو مفید قرار دیا۔