September 29, 2026

عمرکوٹ: ممبر پراونشل اسمبلی سندھ نوابزادہ تیمور خان ٹالپر کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں کھلی کچہری، عوام کے مسائل سنے گئے، متعلقہ افسران کو فوری احکامات جاری

IMG-20260929-WA0142

عمرکوٹ: ممبر پراونشل اسمبلی سندھ نوابزادہ تیمور خان ٹالپر کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں کھلی کچہری، عوام کے مسائل سنے گئے، متعلقہ افسران کو فوری احکامات جاری

عمرکوٹ (رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی) حلقہ پی ایس کنری کے رکنِ صوبائی اسمبلی نوابزادہ تیمور خان ٹالپر کی جانب سے ڈپٹی کمشنر آفس عمرکوٹ کے دربار ہال میں ایک کھلی کچہری منعقد کی گئی، جس میں ضلع بھر سے بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کرکے اپنے مختلف مسائل اور شکایات پیش کیں، کھلی کچہری کے موقع پر ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک، ایس ایس پی عمرکوٹ سہائی عزیز ٹالپر، چئرمیں ضلع کاؤنسل عمرکوٹ حاجی محمد بقا پلی، چیئرمین میونسپل کمیٹی عمرکوٹ سیف اللہ خالد سراج سومرو، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی کنری شکیل احمد باجواہ، پ پ پ نائب صدر ضلع عمرکوٹ برھان الدین کنبھر سمیت ضلع عمرکوٹ کے مختلف سرکاری محکموں کے افسران بھی موجود تھے، اس موقع پر شہریوں نے صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، بجلی، آبپاشی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسیٔ آب، بلدیاتی سہولیات، ریونیو، پولیس، زراعت اور دیگر متعلقہ محکموں سے وابستہ اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں، عوام نے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق بھی حکام کو آگاہ کیا، رکنِ صوبائی اسمبلی نوابزادہ تیمور خان ٹالپر نے شہریوں کی شکایات اور مسائل کو تفصیل سے سنا اور موقع پر موجود متعلقہ ضلعی افسران کو ہدایات جاری کیں کہ عوامی نوعیت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور شہریوں کو سرکاری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے افسران پر زور دیا کہ عوام کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے، ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور جن معاملات میں مختلف محکموں کی ضرورت ہو، ان کے باہمی رابطے کے ذریعے مؤثر پیش رفت یقینی بنائی جائے، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک نے بھی متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں پیش کیے گئے عوامی مسائل اور درخواستوں پر مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت فوری کارروائی کی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، اس موقع پر ایس ایس پی عمرکوٹ سہائی عزیز ٹالپر نے پولیس سے متعلق شہریوں کی شکایات سنیں اور متعلقہ پولیس افسران کو قانون کے مطابق کارروائی اور شہریوں کو ہر ممکن قانونی سہولت فراہم کرنے کی ہدایات دیں اور کہا کہ ضلع عمرکوٹ میں منشیات کا خاتمہ 70 فیصد ہو چکا ہے اور 30 فیصد خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ہیں، کھلی کچہری میں موجود مختلف محکموں کے افسران نے شہریوں کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو نوٹ کیا اور متعلقہ امور پر موقع پر ہی ضروری ہدایات اور جوابی اقدامات سے آگاہ کیا، اس موقع پر نوابزادہ تیمور خان ٹالپر نے کہا کہ عوامی مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے اس نوعیت کی کھلی کچہریاں عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کا اہم ذریعہ ہیں، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کی شکایات کے ازالے میں تاخیر نہ کی جائے اور ہر جائز مسئلے کے حل کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کیے جائیں، کھلی کچہری کے اختتام پر شہریوں نے اپنے مسائل سننے اور متعلقہ افسران کی موجودگی میں ان کے حل کے لیے احکامات جاری کرنے پر رکنِ صوبائی اسمبلی، ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔