نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ) قائدِ عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نواب شاہ میں ڈیجیٹل ٹوئنز اور جدید
نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)
قائدِ عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نواب شاہ میں ڈیجیٹل ٹوئنز اور جدید ایمِرسِو ٹیکنالوجیز کے موضوع پر عالمی سمپوزیم منعقد کیا گیا، جس میں ملک اور بیرونِ ملک سے ماہرین، محققین، یونیورسٹی اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے ڈیجیٹل ٹوئنز، آگمینٹڈ ریئلٹی، ورچوئل ریئلٹی، مصنوعی ذہانت اور انٹرنیٹ آف تھنگز سمیت جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال، تحقیق اور مستقبل کے امکانات پر اظہارِ خیال کیا۔
قائدِ عوام یونیورسٹی کے سینٹرل لائبریری آڈیٹوریم میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سمون کی سربراہی میں منعقدہ عالمی سمپوزیم میں پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز فار گرلز کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر علی اکبر سیال نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر قائدِ عوام یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سمون نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجیز کی تیزی سے ہونے والی ترقی کو مدِنظر رکھتے ہوئے جامعات میں تحقیق اور جدید مہارتوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
پیپلز میڈیکل یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر علی اکبر سیال نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجیز کے حوالے سے تعلیم اور تحقیق طلبہ اور محققین کو تیزی سے تبدیل ہوتی ہوئی ٹیکنالوجی کی دنیا کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
سمپوزیم کے آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر پردیپ کمار نے کہا کہ منصوبے کے فریم ورک کے تحت یونیورسٹی میں ایم ایس پروگرام اِن ایمِرسِو ٹیکنالوجیز اینڈ ڈیجیٹل ٹوئنز بھی شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سمپوزیم جدید ایمِرسِو ٹیکنالوجیز کے مستقبل اور تعلیم، صنعت، صحت، انجینئرنگ سمیت دیگر شعبوں میں ان کے استعمال کے حوالے سے علم کے تبادلے، تحقیق اور عالمی تعاون کے لیے ایک اہم فورم ثابت ہوگا۔