September 29, 2026

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) ریڈیو پاکستان سرگودھا کے معروف پروگرام ’’شاہین سرگودھا‘‘ میں سماجی خدمت، انسانی حقوق، فلاحی سرگرمیوں،

IMG-20260927-WA0106

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) ریڈیو پاکستان سرگودھا کے معروف پروگرام ’’شاہین سرگودھا‘‘ میں سماجی خدمت، انسانی حقوق، فلاحی سرگرمیوں، ماحول کے تحفظ اور عوامی مسائل کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی گئی۔ پروگرام میں سینئر نائب صدر پنجاب انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ رانا علی اکبر، چیئرمین ہینڈل فاؤنڈیشن سرگودھا ملک آفتاب احمد اعوان، ڈسٹرکٹ رپورٹر روزنامہ لاہور رنگ ملک امان اللہ چھینہ اور سٹی صدر سرگودھا انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ رانا محمد قاسم علی نے شرکت کی۔
میزبان سینئر اینکر پرسن سبطین بلوچ نے مہمانوں سے ان کی سماجی و فلاحی خدمات، صحافتی سفر اور معاشرتی مسائل کے حوالے سے گفتگو کی۔ رانا علی اکبر نے ضرورت مند خاندانوں اور بیوہ خواتین کی معاونت اور مستحق افراد کو حکومتی سہولیات سے مستفید ہونے کے لیے رہنمائی فراہم کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ملک آفتاب احمد اعوان نے جیلوں میں قیدیوں کے لیے تعلیمی و کھیلوں کی سہولیات اور ہینڈل فاؤنڈیشن کی شجرکاری و ماحولیاتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے سینئرز کلب قائم کیا جا رہا ہے، جہاں صحت، قانونی معاونت، یوگا، جم، ان ڈور گیمز اور مختلف طبی کیمپس سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
ملک امان اللہ چھینہ نے صحافت کے ذریعے عوامی مسائل اجاگر کرنے اور شہریوں کی آواز متعلقہ اداروں تک پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا۔ شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی، فلاحی اداروں، میڈیا اور نوجوانوں کو بھی معاشرتی بہتری، انسانی حقوق کے تحفظ اور خدمتِ خلق میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔