November 15, 2026

ذیابیطس سے بچاؤ کا عالمی دن منایا گیا۔

IMG-20261115-WA0039(1)

ذیابیطس سے بچاؤ کا عالمی دن منایا گیا۔
ہارون آباد (بیورورپورٹ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں 14 نومبر کو ذیابیطس (شوگر) سے بچاؤ کا عالمی دن منایا جاتا ہے اس دن کی منانے کا مقصد عوام میں ذیابیطس کے مرض، اس کی علامات، ممکنہ پیچیدگیوں اور احتیاطی تدابیر سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے معروف معالج ڈاکٹر عامر رضا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (اے ایم ایس) ہارون آباد ڈاکٹرانور سکھیرا اور ڈاکٹر عارف رضا ملک نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ذیابیطس سے بچاؤ، صحت مند طرزِ زندگی اپنانے، متوازن غذا کے استعمال اور باقاعدگی سے جسمانی ورزش کرنے سے شوگر کو کنٹرول میں کیا جاسکتا ہے۔ عالمی دن کا بنیادی مقصد شہریوں کو اس مرض کے بڑھتے ہوئے خطرات، اس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں اور بروقت تشخیص و علاج کی ضرورت سے آگاہ کرنا ہے ۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں ہر سال 14 نومبر کو ذیابیطس کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن کے انعقاد کا مقصد ذیابیطس جیسے خاموش اور پیچیدہ مرض کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنا، اس کی علامات، وجوہات، طبی پیچیدگیوں اور بچاؤ کے طریقوں سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہے۔ اس دن کو انسولین کی دریافت میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدان سر فریڈرک بینٹنگ کی سالگرہ کے موقع پر منایا جاتا ہے، جنہوں نے چارلس بیسٹ کے ساتھ مل کر انسولین کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں کروڑوں افراد ذیابیطس کے مرض سے متاثر ہیں، جبکہ دنیا بھر میں بھی اس مرض کے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق موٹاپا، غیر متوازن خوراک، تمباکو نوشی، جسمانی سرگرمیوں کی کمی اور ورزش نہ کرنا ذیابیطس کے خطرات میں اضافے کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے متوازن غذا کا استعمال، وزن کو کنٹرول میں رکھنا، روزانہ مناسب جسمانی ورزش، تمباکو نوشی سے اجتناب اور وقتاً فوقتاً بلڈ شوگر کی جانچ انتہائی ضروری ہے۔ ان احتیاطی تدابیر کو اپنا کر نہ صرف مرض کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے بلکہ بروقت تشخیص اور مناسب علاج کے ذریعے ذیابیطس میں مبتلا افراد بھی معمول کے مطابق صحت مند اور فعال زندگی گزار سکتے ہیں۔اس موقع پر اس امر کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا کہ ذیابیطس کے حوالے سے آگاہی سرگرمیوں کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے تاکہ شہری اس مرض سے بچاؤ اور اس کے بروقت علاج کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنی اور اپنے خاندان کی صحت کا تحفظ یقینی بنا سکیں۔