سرگودھا(راجہ نورالہی عاطف سے) گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سرگودھا کے آرکیٹیکچر ڈیپارٹمنٹ کی
سرگودھا(راجہ نورالہی عاطف سے) گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سرگودھا کے آرکیٹیکچر ڈیپارٹمنٹ کی ہونہار طالبات عریبہ طارق اعوان نے پنجاب بھر میں دوسری اور آمنہ وحید نے پنجاب بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کرکے ادارے اور اپنے والدین کا نام روشن کردیا۔ اس شاندار کامیابی پر طالبات کے اعزاز میں پرنسپل کے دفتر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پرنسپل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی عامرہ اکرم، ہیڈ آف آرکیٹیکچر ڈیپارٹمنٹ ثمین عرفان، سدرہ اقبال، عائشہ فاروق، صوبیہ راؤ، انیلہ سمبل اور خنسا ہماء سمیت دیگر اساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر پرنسپل عامرہ اکرم اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ثمین عرفان نے طالبات کو پھولوں کے گلدستے پیش کرکے مبارکباد دی، جبکہ کیک بھی کاٹا گیا۔
اس موقع پر پرنسپل عامرہ اکرم نے کہا کہ عریبہ طارق اعوان اور آمنہ وحید کی پنجاب بھر میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنا ادارے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ طالبات نے اپنی محنت، صلاحیت اور لگن سے ثابت کیا ہے کہ اگر طلبہ کو معیاری تعلیم، بہترین رہنمائی اور سازگار تعلیمی ماحول میسر ہو تو وہ صوبائی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ طالبات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم اور عملی تربیت کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے اور اساتذہ کی محنت قابلِ تحسین ہے۔
ہیڈ آف آرکیٹیکچر ڈیپارٹمنٹ ثمین عرفان نے کہا کہ آرکیٹیکچر ڈیپارٹمنٹ سال 2016ء سے مسلسل بہترین تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور ہر سال طلبہ پنجاب بھر میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرکے ادارے کا نام روشن کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف طالبات کی ذاتی محنت کا ثمر نہیں بلکہ ان کے والدین کی دعاؤں، اساتذہ کی شبانہ روز محنت اور ادارے کی جانب سے فراہم کردہ تعلیمی و عملی سہولیات کا مشترکہ نتیجہ ہے۔ آرکیٹیکچر ڈیپارٹمنٹ میں طلبہ کو ڈیزائن، آرکیٹیکچرل ڈرائنگ، آٹوکیڈ، بلڈنگ کنسٹرکشن، سروےنگ، ماڈل میکنگ، کوانٹیٹی ایسٹیمیشن سمیت مختلف عملی مہارتوں سے روشناس کرایا جاتا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ایک کامیاب اور ذمہ دار آرکیٹیکچرل پروفیشنل کے طور پر اپنا کردار ادا کرسکیں۔
ثمین عرفان نے کہا کہ ہمارے ڈیپارٹمنٹ کا سب سے بڑا اثاثہ محنتی، مخلص اور اعلیٰ تعلیم یافتہ تدریسی عملہ ہے، جو طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔