سکھر ( بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی): آباد لاکھا سکھر کے رہائشی عبدالحنان سومرو ولد مرحوم
سکھر ( بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی): آباد لاکھا سکھر کے رہائشی عبدالحنان سومرو ولد مرحوم عبدالوھاب سومرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ آباد لاکھا میں واقع ان کی ملکیتی زمین پر بعض افراد کی جانب سے مبینہ طور پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔عبدالحنان سومرو کے مطابق مذکورہ زمین کے تمام قانونی دستاویزات ان کے نام پر موجود ہیں اور وہ زمین کے قانونی مالک ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے ماموں ریاض احمد سومرو اور ایاز احمد سومرو نے جعلسازی کے ذریعے مذکورہ زمین کا کسی دوسرے فریق سے سودا کیا اور مبینہ طور پر ایڈوانس رقم بھی وصول کی، حالانکہ دونوں ماموں کا اس زمین کی ملکیت یا لین دین سے کوئی قانونی تعلق نہیں ہے۔متاثرہ شہری نے مزید الزام عائد کیا کہ زمین کے معاملے پر انہیں نامعلوم افراد کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ زمین ان کے حوالے کر دیں۔ عبدالحنان سومرو نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ معاملہ مزید سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے اور انہیں اور ان کے اہل خانہ کو جانی نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔عبدالحنان سومرو نے آؑ جی سندہ۔ ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی سکھر اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے زمین کے ریکارڈ اور مبینہ لین دین کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، انہیں اور ان کے اہل خانہ کو فوری طور پر تحفظ فراہم کیا جائے اور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے حکام سے یہ بھی اپیل کی کہ زمین کی قانونی حیثیت اور ملکیت کا تعین متعلقہ ریونیو ریکارڈ کی روشنی میں کرتے ہوئے غیر قانونی قبضے اور دھمکانے سے روکا جائے۔