*نواب شاہ: جماعت اہلسنت کا ناموسِ رسالت ﷺ کے قانون کے خلاف مبینہ مہم پر قانونی کارروائی کا مطالبہ*
*نواب شاہ: جماعت اہلسنت کا ناموسِ رسالت ﷺ کے قانون کے خلاف مبینہ مہم پر قانونی کارروائی کا مطالبہ*
نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)
جماعت اہلسنت پاکستان نواب شاہ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی ملک ہے، جہاں آئین و قانون کے تحت ناموسِ رسالت ﷺ اور ختمِ نبوت کے تحفظ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ناموسِ رسالت ﷺ سے متعلق قوانین کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز یا اشتعال انگیز مہم چلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلسنت کے رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں بعض نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیموں اور دیگر حلقوں کی جانب سے مذہبی قوانین کے حوالے سے تحفظات اور اعتراضات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دنوں اسلام آباد میں فرزانہ باری اور ان کے بعض ساتھیوں کی جانب سے مذہبی تحفظ کے قانون کو ’’کالا قانون‘‘ قرار دینے اور اسے آزادیٔ اظہار کے حق کے منافی قرار دینے کے معاملے پر جماعت اہلسنت کو شدید تحفظات ہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ جماعت اہلسنت کے مختلف فورمز پر اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اگر کسی فرد کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے آئین و قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ جماعت اہلسنت نواب شاہ نے بھی اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
میڈیا کانفرنس میں محمد اسلم نوری سلطانی، صوبائی نائب ناظم اعلیٰ، ضلعی امیر قاری مقصود احمد سکھیرا چشتی، پیر سید حسن علی شاہ جیلانی، زاہد اعوان ناظم اعلیٰ تعلقہ نواب شاہ، قاری محمد ساجد عطاری امیر تعلقہ نواب شاہ، عبد اللطیف بٹ، محمد ارشد رضا اور ممتاز اعوان سمیت دیگر عہدیداران و کارکنان شریک تھے