نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ) سکرنڈ تھانے کی حدود میں ایس ایچ او عبداللطیف تھہیم کی قیادت
نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ) سکرنڈ تھانے کی حدود میں ایس ایچ او عبداللطیف تھہیم کی قیادت میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او سکرنڈ عبداللطیف تھہیم اپنی ٹیم علی بخش مگسی، قربان لاکو اور عابد کیریو کے ہمراہ گشت پر تھے کہ مشکوک افراد نظر آئے۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوگیا، جسے گرفتار کرکے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت لال بخش عرف لالو ولد پٹھان رند، سکنہ مہرن کالونی سکرنڈ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف 2019ء سے 2026ء تک مختلف تھانوں میں 12 مقدمات درج ہیں، جن میں منشیات، ڈکیتی، پولیس سے مزاحمت اور دیگر سنگین جرائم کے مقدمات شامل ہیں، جبکہ ملزم کا دیگر اضلاع سے بھی کرمنل ریکارڈ معلوم کیا جارہا ہے۔
ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سمیر نور چنہ نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او سکرنڈ عبداللطیف تھہیم اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔